آسٹریلیا نئے کوچ کی تلاش میں

دنیائے کرکٹ کی عظیم ترین ٹیموں میں شمار ہونے والے آسٹریلیا کو اس وقت نئے کوچ کی تلاش ہے۔ کوچ ٹم نیلسن دورۂ سری لنکا کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں، جس کی اہم ترین وجہ رواں سال ایشیز سیریز کی شکست کے بعد قائم کردہ آرگس کمیشن کی رپورٹ تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے لیے عہدہ چھوڑنا مناسب سمجھا۔ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کی پہلی ترجیح کوئی آسٹریلوی کوچ ہی ہے اور اس ضمن میں موجودہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کا نام بھی سامنے آ رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قرعہ فال کس کے نام نکلتا ہے۔

البتہ دوسری جانب بورڈ کو مشورہ دینے والے بھی موجود ہیں اور اسی سلسلے کا ایک تازہ بیان ماضی کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کی طرف سے آیا ہے جو سابق بلے باز ڈیرن لیمن کو نئے کوچ کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ڈیرن لیمن اس وقت کوئنز لینڈ کے کوچ کی حیثیت سے پہلا سال گزار رہے ہیں لیکن کوچنگ کے تجربے کی کمی کے باوجود شین وارن انہی کو منتخب کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شین وارن کا کہنا تھا کہ ڈیرن لیمن ہر کردار میں نمایاں ترین رہے چاہے وہ ٹیم کی رکنیت ہو یا سلیکٹر یا پھر کوچنگ یا کوئی اور سینئر عہدہ، میرے خیال میں نوجوان کھلاڑیں کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
آسٹریلیا کے کوچنگ کے لیے امیدواروں میں اسٹیو رکسن کے مضبوط امیدوار کی اہم وجہ اُن کے کپتان مائیکل کلارک کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیرن لیمن اور شین وارن 1999ء کے عالمی کپ فاتح دستے کے رکن تھے اور آسٹریلیا کی اس ٹیم کا حصہ تھے جسے ناقابل تسخیر سمجھا جاتا تھا۔