پاکستانی ٹیم عرب امارات روانہ، کوچ و کپتان پرامید

قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف سال کی اہم ترین سیریز کھیلنے کے لیے مصباح الحق کی قیادت میں سنیچر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ماہ کے عرصے میں تین ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔
اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور کوچ محسن بہت پرامید نظر آئے، اور ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقعات کا اظہار کیا جبکہ ٹیم مینیجر نوشادعلی نے نظم و ضبط کو اہم قرار دیا۔

لاہور کے علاوہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ابوظہبی روانگی سے قبل کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کمبی نیشن بہت اچھا ہے اور انہیں سیریز میں اچھے نتائج کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ زمبابوے میں نوجوان کھلاڑیوں نے حوصلہ افزا کارکردگی پیش کی، اور اب سینئرز کی واپسی سے تجربہ کار و نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج بنا ہے اور انہیں امید ہےکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر کوچ محسن حسن خان نے کہا کہ سری لنکا دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمارہوتی ہے، اور انہیں زیر کرنے کے لیے ٹیم اراکین کو 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ٹیم مینیجر کرنل (ر) نوشاد علی نے کہا کہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کچھ عرصے سے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کرکٹرز کا نظم و ضبط کچھ مثالی نہیں رہا اس لیے تمام کھلاڑیوں کو سختی کے ساتھ اُن کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ دورے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا باضابطہ آغاز 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔