نیا چیئرمین: ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں اضافہ، ذکا اشرف بھی شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے جانے کے کوئی امکانات دکھائی تو نہیں دیتے لیکن اس وقت کرکٹ کے حلقوں میں خوب چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ نیا چیئرمین کون ہوگا۔ ہر روز ممکنہ امیدواروں کے نام ذرائع ابلاغ کی زینت بن رہے ہیں اور اس ضمن میں نیشنل بینک کے سابق صدر سید علی رضا اور سابق چیئرمین پی سی بی ظفر الطاف کے نام مضبوط امیدواروں کے طور پر لیے جا رہے ہیں۔
لیکن اب ایک اور بینکار کا نام پی سی بی کے اعلی ترین عہدے کے لیے ابھر رہا ہے، اور وہ نام ہے زرعی ترقیاتی بینک کے سربراہ ذکا اشرف کا۔

ذرائع نے کرک نامہ کو بتایا ہے کہ گو کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں، سیاسی معاملات میں تیزی کے باعث اس مسئلے پر توجہ نہیں دے رہے لیکن ان کے مشیر اور متعلقہ حکام چیئرمین کے عہدے کے لیے ممکنہ امیدواروں کی فہرست مرتب کرنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق فہرست میں ماجد خان سمیت چند سابق کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں اور اب اس فہرست میں تازہ اضافہ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر ذکا اشرف کا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز بٹ نے صرف بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کےاجلاس میں شرکت کے لیے توسیع کی درخواست کی تھی اور اس کے بعد انہیں عہدے سے برخاست کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ذکا اشرف صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ہیں اور 2008ء میں جماعت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے بینک کے سربراہ کے عہدے پر فائز ہیں۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ذکا اشرف پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن، پنجاب زون کے چیئرمین بھی ہیں۔