ذکا اشرف کی تقرری پر سابق پی سی بی عہدیداروں کا ردعمل

اعجازبٹ کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کی تقرری پر بورڈ کے سابق عہدیداروں اور ٹیسٹ پاکستانی کرکٹرز نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں پاکستان کی ساکھ کی بحالی ذکا اشرف کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونا بہت بڑا نقصان ہے اور اگر نئے چیئرمین اس کی بحالی میں کامیاب ہوگئے تو یہ ان کا عظیم کارنامہ ہوگا۔
سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی عارف علی عباسی کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین بھی سابق بیوروکریٹس کی طرح ہی بورڈ کو چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کئی سابق چیئرمین اور کرکٹرز اس عہدے کے لیے موزوں امیدوار ہوسکتے تھے، تاہم سیاسی بنیادوں پر ہونے والا یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ کے لیے کتنا سودمند ثابت ہوگا اس کا فیصلہ وقت ہی کرے گا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے ذکا اشرف کی بطور چیئرمین تقرری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں ہونے والے تنازعات نے قومی کرکٹ کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے جس کے بعد ذکا اشرف کے لیے تمام معاملات کو جلد درست کرنا مشکل کام ہوگا۔
ذکا اشرف کی تقرری کے بعد پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خصوصاً چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی جگہ ظہیر عباس کی تعیناتی کا امکان ہے۔ تاہم سبحان احمد کے تجربے کے پیش نظر انہیں کوئی اور عہدہ ملنے کا قوی امکان ہے۔