شاہد آفریدی اور عبد الرزاق کا جنوبی افریقی فرنچائز لائنز کے ساتھ معاہدہ

پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈرز شاہد خان آفریدی اور عبد الرزاق نے اگلے سال جنوبی افریقہ کے ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے لائنز سے معاہدہ کر لیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے مشہور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے ایک سے زائد فرنچائزز نے پاکستانی آل راؤنڈرز کو حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی لیکن دونوں نے جوہانسبرگ میں واقع لائنز کا انتخاب کیا۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق عبد الرزاق کا کہنا ہے کہ جوہانسبرگ میں کئی دوستوں کی موجودگی اور شہر سے وابستہ یادوں کے باعث انہوں نے لائنز کا انتخاب کیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ عبد الرزاق پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اکھاڑے میں بھی جس ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں اس کا نام لائنز ہے یعنی لاہور لائنز۔
دوسری جانب حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے تنازعات کے باعث بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے شاہد خان آفریدی ہیں جو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ملبورن رینیگیڈز میں بھی عبد الرزاق کے ساتھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شدت سے جنوبی افریقہ میں ٹی ٹوئنٹی سیزن کے آغاز کا انتظار کر رہے ہیں اور ان کا ہدف لائنز کو اگلے سال کی چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں پہنچانا ہے۔
لائنز کے کوچ ڈیو نوسورتھی دنیا کے دو بہترین آل راؤنڈرز کی شمولیت پر بہت خوش دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دونوں لائنز کے کھیل کے انداز سے مکمل مطابقت رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔
جنوبی افریقہ کی فرنچائزز بہت کم غیر ملکی کھلاڑیوں کو حاصل کرتی ہیں لیکن رواں سال یہ رحجان تبدیل ہوتا ہوا نظر آیا ہے۔ لائنز کی جانب سے دو مایہ ناز پاکستانی آل راؤنڈرز کے حصول کے علاوہ ڈولفنز نے آسٹریلیا کے شان ٹیٹ اور ویسٹ انڈین کے بلے باز کرس گیل کی خدمات حاصل کی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا آغاز 15 فروری سے ہوگا جس میں لائنز کا پہلا مقابلہ 17 فروری کو کھیلا جائے گا۔