انگلستان کے خلاف ہوم سیریز؛ بھارت نے ناتجربہ کار دستے کا اعلان کر دیا

بھارت نے انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے اولین دو معرکوں کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں بڑے نام شامل نہیں ہیں۔
14 اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے اعلان کردہ دستے میں سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، ظہیر خان، یووراج سنگھ اور ایشانت شرما جیسے اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں جبکہ ہربھجن سنگھ اور اشیش نہرا کو طلب نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ حالیہ ایک روزہ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے راہول ڈریوڈ بھی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

حال ہی میں دورۂ انگلستان میں تمام طرز کی کرکٹ میں بدترین شکستیں کھانے کے بعد وطن لوٹنے والی بھارتی ٹیم کے لیے بدلے چکانے کایہ اچھا موقع ہے لیکن ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی بھارت کو مسائل سے دوچار کرے گی۔
دستے میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جن میں دورۂ انگلستان میں اپنی بلے بازی سے متاثر کرنے والے اجنکیا راہانے، لیگ اسپنر راہول شرما اور میڈیم پیسر سری ناتھ ارونڈ شامل ہیں۔
بھارت کے مقابلے میں چند روز قبل اعلان کردہ انگلش دستہ زیادہ مضبوط دکھائی دیتا ہے جس میں کیون پیٹرسن، این بیل، گریم سوان اور کپتان ایلسٹر کک جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ لیکن اس کے باوجود انگلش ٹیم کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بھارت کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ آخری مرتبہ برصغیر میں انگلش ٹیم نے عالمی کپ 2011ء کھیلا تھا جس میں اسے آئرلینڈ اور بنگلہ دیش جیسی کمزور ٹیموں کے ہاتھوں بھی شکست کھانا پڑی تھی۔ اس تجربے کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ مضبوط دستہ ہونے کے باوجود انگلستان کے لیے بھارت کو بھارت میں زیر کرنا مشکل ہوگا۔
جمعرات کو پہلے دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، ورون آرون، سری ناتھ ارونڈ، پارتھیو پٹیل، پروین کمار،راہول شرما، روی چندر آشون، رویندر جدیجا، سریش رائنا، گوتم گمبھیر، منوج تیواری، ونے کمار، ویرات کوہلی اور اُمیش یادیو۔
بھارت اور انگلستان کے درمیان 5 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائيں گے جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں
تاریخ | بمقام | ||||
---|---|---|---|---|---|
14 اکتوبر 2011ء | پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
حیدرآباد |
17 اکتوبر 2011ء | دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
دہلی |
20 اکتوبر 2011ء | تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
موہالی |
23 اکتوبر 2011ء | چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
ممبئی |
25 اکتوبر 2011ء | پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کولکتہ |
29 اکتوبر 2011ء | واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کولکتہ |