مشفق الرحیم بنگلہ دیش کے نئے کپتان مقرر، محمود اللہ نائب ہوں گے

وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم کو بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش نے دورۂ زمبابوے میں مایوس کن کارکردگی کے بعد کپتان شکیب الحسن اور ان کے نائب تمیم اقبال کو عہدے سے برخاست کر دیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اگلی سیریز سے قبل نئے کپتان کی تقرری کے لیے صلاح و مشورہ کیا۔
منگل کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے توقعات کے عین مطابق تجربہ کار کھلاڑی مشفق الرحیم کو نیا قائد مقرر کیا ہے جبکہ محمود اللہ ان کے نائب ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے کپتان کی حیثیت سے ان کا پہلا امتحان اگلے ماہ یعنی اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہوگی۔ سیریز کا آغاز 11 اکتوبر کو میرپور، ڈھاکہ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے سے ہوگا۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں 3 ایک روزہ اور دو ٹیسٹ مقابلے کھیلیں گی۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان رواں سال دسمبر میں بھی ایک سیریز کا انعقاد ممکن ہے اور اس کو یقینی بنانے کے لیے دونوں بورڈز سر جوڑے بیٹھے ہیں۔ اگر یہ سیریز طے ہو جاتی ہے تو یہ نئے کپتان مشفق الرحیم کے لیے بڑا امتحان ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن کی زیر قیادت بنگلہ دیش حال ہی میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں سیریز میں شکست کھا کر وطن لوٹا ہے جس پر تمام حلقوں کی جانب سے ٹیم کی کارکردگی پر شدید اعتراضات اٹھائے گئے۔