نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جسٹن وان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کے چیف ایگزیکٹو جسٹن وان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ ماہِ نومبر کے اواخر میں قومی کرکٹ کی گورننگ باڈی کا یہ اعلیٰ ترین عہدہ چھوڑ دیں گے۔

کرک نامہ کو نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وان نے اپنے استعفے کی دو وجوہات بیان کی ہیں۔ ایک ملک میں 2015ء کے عالمی کپ کے بہترین انعقاد کے لیے نئے سی ای او کا تقرر اور دوسرا بہت زیادہ سفر، جو وان کے کہنے کے مطابق میرے اہل خانہ کے لیے موزوں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ میں نے یہ قدم درست وقت پر اٹھایا ہے۔ مجھے یہ کردار ادا کرنا پسند رہا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کی خدمت کر کے فخر محسوس کر رہا ہوں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین کرس مولر نے جسٹن وان کے کردار کو سراہتے ہوئے خصوصاً ان کے عہد میں 2012ء سے 2020ء تک نیوزی لینڈ کے مثبت بین الاقوامی پروگرام کی ترتیب اور جان بکانن کو ڈائریکٹر کرکٹ اور جان رائٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کے واقعات کا ذکر کیا اور اس کا مکمل سہرا ان کے سر باندھا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے جسٹن وان کے متبادل کے لیے نئے عہدیدار کی تلاش کا آغاز کر دیا ہے۔