زخمی روہیت شرما کی جگہ منوج تیواری طلب

بھارت نے بنگال سے تعلق رکھنے والے منوج تیواری کو انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے طلب کر لیا ہے۔ وہ پہلے ایک روزہ میں زخمی ہونے والے روہیت شرما کی جگہ ٹیم میں جگہ پائیں گے۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ کے دوران روہیت شرما پہلی ہی گیند اپنے دائیں ہاتھ پر لگنے کے باعث زخمی ہو گئے تھے۔ ہسپتال کے مطابق ان کی شہادت کی انگلی کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور وہ سیریز میں دوبارہ ایکشن میں نظر نہیں آ سکیں گے۔ اس لیے بھارت نے فوری طور پر ان کا متبادل طلب کر لیا ہے۔ یوں روہیت شرما ایک روزہ سیریز میں صرف ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے۔
منوج تیواری تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں سے دو انہوں نے رواں سال جون میں دورۂ ویسٹ انڈیز میں کھیلے لیکن اپنی کارکردگی سے بہت زیادہ متاثر نہ کر سکے۔
دوسری جانب پیر کے پنجے کی تکلیف کے باعث سچن ٹنڈولکر کی صحت یابی کے حوالے سے بھی ابھی کوئی حتمی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ وہ کل لندن میں معالج سے رابطہ کریں گے۔