سچن اور روہیت زخمی، بھارت کے مسائل میں اضافہ

پے در پے شکستوں اور اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باعث مسائل کے شکار بھارت کو مزید دھچکا پہنچا ہے جب اس کے اہم ترین بلے باز سچن ٹنڈولکر اور نوجوان کھلاڑی روہیت شرما زخمی ہو چکے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر دائیں پیر کے پنجے میں پرانی تکلیف میں اضافے کے باعث چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا گیا پہلے ایک روزہ میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔ انہوں نے آج صبح مختصر ورزش کی لیکن بدستور انہیں پیر میں تکلیف ہو رہی ہے جس پر ٹیم کے فزیوتھراپسٹ نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔ ٹنڈولکر سوموار کو ساؤتھمپٹن میں معالج کو دکھائیں گے۔
دوسری جانب روہیت شرما دائیں ہاتھ کی انگشت شہادت پر بال لگنے کے باعث زخمی ہو گئے۔ وہ پہلے ایک روزہ میں اپنی باری کے لیے میدان میں اترنے اور اسٹورٹ براڈ کی اٹھتی ہوئی پہلی ہی گیند ہاتھ پر کھا بیٹھے۔ ٹیم فزیو کی جانب سے معائنے کے بعد انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا اور وہ دوبارہ میدان میں بلے بازی کے لیے نہ آ سکے۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں معلوم ہوا کہ ان کی انگلی کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے۔
بھارت دورۂ انگلستان کے آغاز سے لے کر اب تک کھلاڑیوں کی انجریز کا سامنا کر رہا ہے۔ پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی لمحات میں ظہیر خان کی ہمسٹرنگ انجری سے لے کر یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کی مختلف نوعیت کی انجریز تک نے بھارت کی پے در پے شکستوں میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب اہم گیند باز پروین کمار اور ایشانت شرما بھی مختصر انجریز کے باعث مقابلوں میں شرکت نہیں کر پائے۔
اگر سچن اور روہیت بروقت صحت یاب نہیں ہوتے تو یہ بھارت کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہوگا، جو ٹیسٹ سیریز میں 4-0 اور واحد ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد اب فتوحات کا خواہاں ہے۔