سچن کی ناکامی بھارت کے حق میں ہے، اب سیریز شکست سے توجہ نہیں ہٹے گی: ناصر حسین

انگلستان کے سابق بلے باز ناصر حسین نے کہا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کی کیریئر کی سویں سنچری بنانے میں ناکامی بھارت کے حق میں ہے کیونکہ اگر وہ یہ کارنامہ انجام دے دیتے تو انگلستان کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کی ہزیمت سے توجہ ہٹ سکتی تھی۔

سچن ٹنڈولکر چوتھے ٹیسٹ کےآخری روز 91 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے اور بعد ازاں بھارت کو اننگز اور 8 رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
سیریز کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دینے والے ناصر حسین نے برطانوی روزنامے 'میل' کے لیے لکھے گئے کالم میں کہا کہ اک ایسے شخص کی حیثیت سے جس نے سچن کے خلاف کھیلا ہو، انہیں جانتا ہواور ان کی عزت و تکریم بھی کرتا ہو، یہ اس اعزاز کو حاصل کرنے کا بہترین موقع تھا۔ اوول کا میدان تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور اتنے بڑے ٹیسٹ میچ میں تاریخ کا حصہ بننا ایک اعزاز تھا۔ میں کمنٹری کے دوران بھی یہی چاہ رہا تھا کہ وہ عظیم لمحہ آ جائے لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ یہ بھارت کے لیے بہتر تھا کہ سچن نے یہ اعزاز حاصل نہیں کیا۔
انہوں نے لکھا کہ سچن کی سیریز میں واحد سنچری راہول ڈریوڈ کی اعلیٰ کارکردگی کو گہنا دیتی اور ساتھ سیریز میں بدترین کرکٹ کھیلنے پر سے نظریں ہٹ جاتیں۔ افسوس کے ساتھ کہ بھارت میری ریٹائرمنٹ کے بعد سے اب تک انگلستان کا دورہ کرنے والی بدترین ٹیم تھی۔
ناصر حسین نے لکھا کہ سچن کے پاس ابھی اور مواقع ہیں، ایک روزہ سیریز شروع ہوا ہی چاہتی ہے لیکن اگر وہ آخری ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دے جاتے تو یہ ایک طرح سے بھارتی کرکٹ کی طویل المیعاد بہتری کے لیے اچھا نہ ہوتا۔