آخری دو مقابلوں کے لیے سری لنکا نے چندیمال اور ہیراتھ کو باہر کر دیا

سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آخری دو مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور نوجوان بلے باز دنیش چندیمال اور اسپنر رنگانا ہیراتھ کو باہر نکال دیا ہے۔ سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 کی برتری حاصل ہے اور میزبان سری لنکا کو سیریز میں فتح کے لیے اگلے دونوں میچز جیتنے لازمی ہیں۔

ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ نوجوان اسپنر سیکوگے پرسنا اور نائب کپتان اینجلو میتھیوز کو طلب کیا گیا ہے۔ سیکوگے اس وقت انگلستان میں سری لنکا اے کی نمائندگی کر رہے ہیں اور فوری طور پر وطن واپس پہنچ رہے ہیں جبکہ میتھیوز زخمی ہونے کے باعث تیسرا ایک روزہ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
سری لنکا کے کپتان تلکارتنے دلشان نے کہا ہے کہ میتھیوز سیریز کے بقیہ میچز کے لیے مکمل تیار ہیں، انہیں تیسرا ایک روزہ بھی کھلایا جا سکتا تھا لیکن ہم نے خطرہ مول نہیں لیا۔ ان کے پاس اب مکمل صحت یابی کے لیے مزید تین دن ہیں۔ اینجلو ہمارے دستے کے اہم رکن ہیں، اور ان کی عدم موجودگی ٹیم کےلیے بڑا نقصان شمار ہوتی ہے۔
21 سالہ چندیمال، جنہوں نے حالیہ دورۂ انگلستان میں لارڈز میں شاندار ناقابل شکست سنچری بنائی اور ایک روزہ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں 54 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، اس کے بعد سے متعدد مواقع پر ناکام ہوئے ہیں اور چار مقابلوں میں صرف 41 رنز بنا پائے ہیں۔
دوسری جانب پیریرا نے عالمی کپ کے فائنل کے بعد صرف ایک مقابلہ کھیلا ہے۔ وہ مقامی کرکٹ میں متاثر کن ریکارڈ کے حامل ہیں جہاں گزشتہ وہ 18.38 کی اوسط سے 73 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دوسری جانب تیسرے تیز باؤلر کی جگہ میتھیوز، سورنگا لکمل یا شامنڈا ایرنگا سے پر کی جائے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کا چوتھا معرکہ 20 اگست کو راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں ہوگا۔
سری لنکا کا اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
تلکارتنے دلشان (کپتان)، اجنتھا مینڈس، اوپل تھارنگا،اینجلو میتھیوز، جیون مینڈس، چمارا سلوا، سورج رندیو، سورنگا لکمل، سیکوگے پرسنا، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، لاستھ مالنگا، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔