اینڈرسن زخمی، ٹریملٹ باہر، انگلستان نے گراہم اونینز کو طلب کر لیا

بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں انگلستان کے جیمز اینڈرسن کی شرکت مشکوک ہے جبکہ کرس ٹریملٹ اپنی انجری کے باعث دورے کے آخری میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال میں ڈرہم کاؤنٹی کے کھلاڑی گراہم اونینز کو طلب کر لیا گیا ہے۔

کرک نامہ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والےاعلامیہ کے مطابق ایجبسٹن، برمنگھم میں تیسرے ٹیسٹ کے بعد اینڈرسن ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ محسوس کر رہے ہیں اور اگلے دو روز تک ان کا معائنہ کیا جائے گا۔
انگلستان کے قومی سلیکٹر جیوف ملر کا کہنا ہے کہ "بدقسمتی سے کرس ٹریملٹ گزشتہ دو روز میں تیز ی سے روبہ صحت ہونے کے باوجود فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے ہیں اور وہ چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیا ب نہیں ہوں گے۔ کر س کی عدم موجودگی اور جمی اینڈرسن کی معمولی نوعیت کی انجری کے باعث حفظ ما تقدم کے تحت گراہم اونینز کو طلب کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جمعرات تک جمی صحت یاب ہو جائیں گے اور ان کی دستیابی کا عدم فیصلہ ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف سیریز میں انگلستان کو 3-0 کی برتری حاصل ہے اور اب اس کی تمام تر توجہ وائٹ واش پر مرکوز ہے جس میں بلاشبہ جمی اینڈرسن کا کردار اہم ہوگا جنہوں نے سیریز میں 24 کے اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور انگلستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔