ایک روزہ سیریز؛ سری لنکن دستے کا اعلان، تھارنگا کی واپسی

ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شاندار کامیابی کے بعد سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے اپنے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے تیز گیند باز لاستھ ملنگا اور اوپل تھارنگا کو طلب کر لیا گیا ہے۔

16 رکنی دستہ ابتدائی تین ایک روزہ میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کرے گا، جن کا آغاز 10 اگست سے مرلی دھرن انٹرنیشنل اسٹیڈیم، پالی کیلے میں ہوگا۔
سری لنکا نے سیریز کے لیے اینجلو میتھیوز کو نائب کپتان مقرر کیا ہے۔
اوپل تھارنگا عالمی کپ کے دوران ممنوعہ ادویات کے استعمال پر تین ماہ کی پابندی کا شکار رہنے کے بعد اسکواڈ میں واپس آئے ہیں جبکہ ملنگا کمر میں تکلیف کے باعث ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں نہیں کھیل پائے تھے تاہم انہوں نے ایک روزہ مرحلے کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کر دیا تھا۔
تھارنگا کی واپسی سے سری لنکا کی اوپننگ جوڑی مکمل ہو جائے گی اور وہ کپتان تلکارتنے دلشان کے ساتھ دوبارہ اننگز کا آغاز کر سکیں گے جبکہ مہیلا جے وردھنے اپنی پوزیشن پر واپس جائیں گے۔
مڈل آرڈر میں مہیلا جے وردھنے کے علاوہ سابق کپتان کمار سنگاکارا، دنیش چندیمال اور چمارا سلوا شامل ہیں جبکہ نائب کپتان میتھیوز کے علاوہ جیون مینڈس، تھیسارا پیریرا اور نوآموز شامنڈا ایرانگا آل راؤنڈرز ہوں گے۔ پیس بیٹری میں سورنگا لکمل اور نووان کولاسیکرا ملنگا کا ساتھ دیں گے۔ اجنتھا مینڈس، سورج رندیو اور رنگانا ہیراتھ اسپن ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
تلکارتنے دلشان (کپتان)، اینجلو میتھیوز (نائب کپتان)، اجنتھا مینڈس، اوپل تھارنگا، تھیسارا پیریرا، جیون مینڈس، چمارا سلوا، دنیش چندیمال، رنگانا ہیراتھ، سورج رندیو، سورنگا لکمل، شامنڈا ایرانگا، کمار سنگاکارا، لاستھ ملنگا، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔