'ایکس فیکٹر' ٹم ڈیوڈ آسٹریلیا کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل

آسٹریلیا نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے ٹم ڈیوڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اور گزشتہ سال ٹرافی اٹھانے والے اسکواڈ میں واحد تبدیلی یہی ٹم ڈیوڈ کی ہے۔
ٹم ڈیوڈ سنگاپور میں پیدا ہوئے اور اس کے لیے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے، لیکن انہوں نے خود کو منوایا دنیا جہاں کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں۔ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے لے کرپاکستان سپر لیگ تک جہاں وہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے لیے کھیل چکے ہیں۔
کیونکہ ٹم ڈیوڈ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک سرکٹ کی پیداوار نہیں، لیکن پھر بھی قومی ٹیم تک پہنچ گئے اس لیے اسے ایک انقلابی قدم سمجھا جا رہا ہے۔
آسٹریلیا کی یہی ٹیم رواں ماہ بھارت کا دورہ بھی کرے گا جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے اور اس کے بعد وہ ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کی مصروفیات
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
![]() | پہلا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | موہالی | 20 ستمبر 2022ء |
![]() | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | ناگپور | 23 ستمبر 2022ء |
![]() | تیسرا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | حیدرآباد | 25 ستمبر 2022ء |
![]() | پہلا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | کیریرا | 5 اکتوبر 2022ء |
![]() | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | برسبین | 7 اکتوبر 2022ء |
![]() | پہلا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | پرتھ | 9 اکتوبر 2022ء |
![]() | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | کینبرا | 12 اکتوبر 2022ء |
![]() | تیسرا ٹی ٹوئنٹی | ![]() | کینبرا | 14 اکتوبر 2022ء |
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ٹم ڈیوڈ کو ایک "میچ ونر" قرار دیتے ہیں، بلکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسا کھلاڑی جو آپ کو ورلڈ کپ جتوا سکتا ہے، بالکل اینڈریو سائمنڈز کی طرح۔ ان کے علاوہ چند ماہرین انہیں جنوبی افریقہ کے مایہ ناز آل راؤنڈر لانس کلوزنر سے ملا رہے ہیں۔
ٹم ڈیوڈ نے رواں سال پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 39 سے زیادہ کے اوسط اور 194 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے 278 رنز بنائے تھے۔ یہاں تک کہ ٹیم کو فائنل تک بھی پہنچایا۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز نے 8.25 کروڑ روپے میں خریدا۔ پچھلے دو سال کے دوران ٹم 86 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 168 سے زیادہ کے غیر معمولی اسٹرائیک ریٹ سے 1874 رنز بنا چکے ہی۔
بہرحال، آسٹریلیا کی ٹیم اب بھارت روانگی کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے لیے ڈیوڈ وارنر کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ کیمرون گرین کھیلیں گے۔ باقی اسکواڈ وہی ہوگا جس کا اعلان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کیا گیا ہے۔ پھر آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دو اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا اور پھر ٹورنامنٹ سے قبل وارم اپ میچز بھی ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء کے لیے اعلان کردہ آسٹریلیا کا اسکواڈ:
آرون فنچ (کپتان)، اسٹیون اسمتھ، ایڈم زیمپا، آشٹن ایگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش انگلس، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر*، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، مچل اسٹارک، مچل مارش اور میتھیو ویڈ۔
*دورۂ بھارت میں ڈیوڈ وارنر کی جگہ کیمرون گرین کھیلیں گے۔