ایک اور یکطرفہ مقابلہ، بھارت سیریز کا فاتح

بھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی زمبابوے کو شکست دے کر سیریز 2-0 جیت لی ہے، حالانکہ آخری مقابلہ ابھی باقی ہے۔
بھارت کا دورۂ زمبابوے 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل
زمبابوے بمقابلہ بھارت
20 اگست 2022ء
ہرارے میں پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر زمبابوے نے ایک اور مایوس کن آغاز لیا۔ صرف 31 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سنبھلنے اور واپس آنے کا امکان کم تھا۔ مقابلہ بنگلہ دیش یا آئرلینڈ کے خلاف ہوتا تو دوسری بات تھی، لیکن یہ بھارت تھا۔ اس نے زمبابوے کے واپس آنے کے تمام راستے بند کر دیے۔ شان ولیمز نے 42 اور راین برل نے 39 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی، جس کی بدولت زمبابوے 161 رنز تک پہنچا۔ ان دونوں کے علاوہ دو بلے باز ایسے تھے جو دہرے ہندسے میں پہنچے۔ کپتان ریجس چکابوا سمیت سات بلے بازوں کی اننگز تو دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچی۔
بھارت کی جانب سے شاردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ باقی آزمائے گئے تمام پانچ باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں آغاز تو بھارت کا بھی اچھا نہیں تھا۔ کپتان کے ایل راہُل صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور شیکھر دھاون کی تیزی سے آگے بڑھتی اننگز بھی اچانک 21 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ تمام ہو گئی۔ جب ایشان کشن کی اننگز صرف چھ رنز پر تمام ہوئی تو اسکور بورڈ پر 83 رنز موجود تھے۔ یعنی بھارت تین وکٹوں کے نقصان کے باوجود تقریباً آدھے رنز تو بنا ہی چکا تھا۔
پھر شبمن گل کے 33 اور آخر میں سنجو سیمسن کے 39 گیندوں پر 43 رنز نے 26 ویں اوور ہی میں ہدف تک پہنچا دیا۔ بھارت نے یہاں تک پہنچنے میں پانچ وکٹیں ضرور گنوائیں، لیکن لمحے کے لیے بھی ہار کے خطرے سے دوچار نہیں ہوا۔ سیمسن نے دیپک ہودا کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 56 رنز کی شراکت داری کی، جو ہدف سے صرف 9 رنز کے فاصلے پر ختم ہوئی۔ 26 ویں اوور میں سیمسن نے چھکے کے ساتھ میچ کا خاتمہ کر دیا۔
یہ بھارت کی زمبابوے کے خلاف مسلسل 14 ویں ون ڈے فتح تھی۔ اب سیریز کا تیسرا ون ڈے پیر کو کھیلا جائے گا جہاں بھارت فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے کلین سوئپ کرنے کی کوشش کرے گا۔