انگلینڈ نے پاکستان کو ٹاپ 5 سے باہر کر دیا

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی شاندار کامیابی کئی کرکٹ شائقین کو بہت پسند آئی۔ آخر نئے کپتان بین اسٹوکس اور نئے کوچ برینڈن میک کولم کے پُر مسرت چہرے دیکھ کر کسے کو خوشی نہ ہوتی؟ لیکن ذرا ٹھیریے، زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انگلینڈ کی یہ فتح پاکستان کو بہت مہنگی پڑ گئی ہے۔
نیوزی لینڈ دورۂ انگلینڈ شروع ہونے سے پہلے عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر تھا۔ سیریز میں خود سے کہیں نچلے درجے کی ٹیم سے شکست نے نیوزی لینڈ کو اِس مقام سے محروم کر دیا ہے۔ وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ 110 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب ہیڈنگلی ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ 97 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ یعنی پاکستان مفت میں رگڑا گیا اور ٹاپ 5 سے باہر ہوتے ہوئے چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی
بمطابق 28 جون 2022ء
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | آسٹریلیا | ![]() | 19 | 2439 | 128 |
2 | بھارت | ![]() | 23 | 2736 | 119 |
3 | جنوبی افریقہ | ![]() | 21 | 2306 | 110 |
4 | نیوزی لینڈ | ![]() | 27 | 2704 | 100 |
5 | انگلینڈ | ![]() | 33 | 3195 | 97 |
6 | پاکستان | ![]() | 20 | 1865 | 93 |
7 | سری لنکا | ![]() | 20 | 1637 | 82 |
8 | ویسٹ انڈیز | ![]() | 22 | 1685 | 77 |
9 | بنگلہ دیش | ![]() | 19 | 966 | 51 |
10 | زمبابوے | ![]() | 6 | 148 | 25 |
یوں پاکستان جو طویل عرصے کے بعد تینوں طرز کی کرکٹ میں ٹاپ 5 میں آیا تھا، ایک مرتبہ پھر پیچھے رہ گیا ہے۔
ویسے ون ڈے کرکٹ سے خوش خبری ضرور ہے جہاں سری لنکا کی آسٹریلیا کے خلاف غیر متوقع کامیابی نے پاکستان کو درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ آسٹریلیا ون ڈے سیریز میں 3-2 کی شکست کے ساتھ تیسرے سے پانچویں نمبر آ گيا ہے جبکہ پاکستان چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی درجہ بندی
بمطابق 28 جون 2022ء
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | نیوزی لینڈ | ![]() | 12 | 1505 | 125 |
2 | انگلینڈ | ![]() | 22 | 2756 | 125 |
3 | پاکستان | ![]() | 19 | 2005 | 106 |
4 | بھارت | ![]() | 22 | 2304 | 105 |
5 | آسٹریلیا | ![]() | 23 | 2325 | 101 |
6 | جنوبی افریقہ | ![]() | 19 | 1872 | 99 |
7 | بنگلہ دیش | ![]() | 24 | 2275 | 95 |
8 | سری لنکا | ![]() | 29 | 2658 | 92 |
9 | ویسٹ انڈیز | ![]() | 32 | 2306 | 72 |
10 | افغانستان | ![]() | 18 | 1238 | 69 |
11 | آئرلینڈ | ![]() | 20 | 1083 | 54 |
12 | اسکاٹ لینڈ | ![]() | 18 | 814 | 45 |
لیکن ٹیسٹ درجہ بندی میں پاکستان کو چار پوائنٹس کی خلیج پاٹنا ذرا مشکل کام ہوگا۔ اب دعا کریں کہ بھارت انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرے اور پھر پاکستان اگلے ماہ سری لنکا کے دورے پر کلین سوئپ کرے، تب جا کر فرق ایک، دو پوائنٹ کا رہ جائے گا۔