[ریکارڈز] شے ہوپ نے ویوین رچرڈز کا ریکارڈ برابر کر دیا

93 میچز میں 52.28 کے اوسط سے 4026 رنز اور 20 نصف سنچریوں کے ساتھ 12 سنچریاں بھی، یہ شاندار ریکارڈ ہے ویسٹ انڈیز کے بلے باز شے ہوپ کا۔ جنہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن چکے ہیں۔
شے ہوپ کا ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر
میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|
93 | 4026 | 170 | 52.28 | 12 | 20 |
شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف اور شاداب خان پر مشتمل باؤلنگ اٹیک کے خلاف، وہ بھی ملتان کی گرمی میں، جہاں درجہ حرارت شام کے اوقات میں بھی 40 درجہ سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا، شے ہوپ نے 134 گیندوں پر 127 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ 15 چوکوں اور ایک چوکے سے مزیّن یہ اننگز ہی ویسٹ انڈیز کو 300 سے آگے لے جانے میں کامیاب ہوئی۔
ہوپ نے ایک چوکے کے ذریعے اپنی سنچری مکمل کی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی رنز انہیں 4 ہزار کے سنگِ میل تک بھی پہنچا گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 88 اننگز میں انجام دیا ہے یعنی ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے کم اننگز میں 4 ہزار رنز کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔
یہ قومی ریکارڈ عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کے پاس ہے۔ انہوں نے بھی 4 ہزار رنز کا ہندسہ اپنی 88 ویں اننگز میں حاصل کیا تھا۔
اگر عالمی ریکارڈ دیکھیں تو جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا سب سے اوپر ہیں۔ انہوں نے دسمبر 2013ء میں بھارت کے خلاف ایک ون ڈے کے دوران ایسی ہی ایک سنچری میں 4 ہزار رنز مکمل کیے تھے، صرف اور صرف 81 اننگز میں۔ انہوں یوں انہوں نے ویوین رچرڈز کا 28 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور ایسا توڑا کہ پاکستان کے بابر اعظم سر توڑ کوشش کے باوجود اس تک نہیں پہنچ پائے۔
ون ڈے انٹرنیشنل: کم ترین اننگز میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز
اننگز | دورانیہ | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() | 81 | 5 سال 274 دن | ![]() | ڈربن | 8 دسمبر 2013ء |
![]() | 82 | 6 سال 302 دن | ![]() | لاہور | 29 مارچ 2022ء |
![]() | 88 | 9 سال 311 دن | ![]() | البیون | 14 اپریل 1985ء |
![]() | 88 | 5 سال 206 دن | ![]() | ملتان | 9 جون 2022ء |
![]() | 91 | 4 سال 261 دن | ![]() | ساؤتھمپٹن | 29 ستمبر 2017ء |
![]() | 93 | 4 سال 154 دن | ![]() | رانچی | 19 جنوری 2013ء |
![]() | 93 | 8 سال 138 دن | ![]() | اوول | 5 جون 2017ء |
![]() | 94 | 5 سال 201 دن | ![]() | پالی کیلے | 8 اگست 2018ء |
![]() | 95 | 7 سال 58 دن | ![]() | وشاکھاپٹنم | 17 دسمبر 2017ء |
![]() | 96 | 12 سال 345 دن | ![]() | لیڈز | 21 مئی 1988ء |
![]() | 96 | 6 سال 138 دن | ![]() | کرائسٹ چرچ | 26 دسمبر 2016ء |
بابر اعظم رواں سال اس ریکارڈ کے بہت، بہت قریب پہنچے۔ انہوں نے اپنے 4 ہزار ون ڈے انٹرنیشنل رنز مارچ 2022ء میں آسٹریلیا کے خلاف ایک ون ڈے انٹرنیشنل میں مکمل کیے تھے۔ یہ بابر کی 82 ویں اننگز تھی یعنی وہ محض ایک اننگز کے فرق سے عالمی ریکارڈ اپنے نام نہیں کر پائے۔
ویسے یہ فہرست دیکھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ شے ہوپ کا نام کتنے بڑے بلے بازوں میں شامل ہوا ہے۔ جو روٹ، ویراٹ کوہلی، ڈیوڈ وارنر اور کوئنٹن ڈی کوک، شیکھر دھاون، گورڈن گرینج اور کین ولیم سن، یہ سب وہ نام ہیں جنہوں نے 100 سے کم اننگز میں 4 ہزار رنز مکمل کیے۔