انوکھا مقابلہ، 12 اوورز، 18 وکٹیں، میچ پھر بھی ٹائی

سری لنکا میں جاری میجر کلبز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ایک ناقابلِ یقین میچ کھیلا گیا ہے، بلکہ یہ کہا جائے تو بہتر ہوگا کہ "میں نہیں جیتوں گا" کی دوڑ لگی ہوئی تھی۔ بالآخر یہ مقابلہ اپنے منطقی انجام تک پہنچا، یعنی ٹائی ہو گیا۔
یہ میچ گال کرکٹ کلب اور کالوترا ٹاؤن کلب کے درمیان کھیلا گیا، جو بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے صرف چھ اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 30 رنز ہی بنا سکیں۔ یعنی میچ میں 18 وکٹیں گریں اور صرف 60 رنز بنے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں کسی بھی ٹائی میچ میں بننے والا سب سے کم ٹوٹل ہے۔
پورے میچ میں صرف ایک کھلاڑی ایسا تھا جس کے رنز دہرے ہندسے میں پہنچے اور انہوں نے ہی پورے میچ کی واحد باؤنڈری لگائی۔
میجر کلبز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2022ء
گال کرکٹ کلب بمقابلہ کالوتارا ٹاؤن کلب
5 جون 2022ء
نان ڈسکرپٹس کلب گراؤنڈ، کولمبو، سری لنکا
نتیجہ: میچ ٹائی ہو گیا
گال | 30-9 | |
کاوسیتھا کودیتھووکو | 12 | 10 |
ہرشاجیتھ روشن | 7 | 9 |
کالوتارا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
انشاکا سری وردنے | 2 | 0 | 5 | 5 |
تھارنڈو سری وردنے | 2 | 2 | 12 | 2 |
کالوتارا | 30-9 | |
ابھیشک آنندکمار | 7 | 9 |
انشاکا سری وردنے | 6 | 8 |
گال باؤلنگ | ا | م | ر | و |
ہرین بڈیلا | 2 | 0 | 7 | 3 |
سندن مدوشنکا | 2 | 0 | 10 | 2 |
میچ کا اختتام بھی بڑا سنسنی خیز تھا۔ کالوتارا ٹاؤن کو آخری 9 گیندوں پر صرف چھ رنز کی ضرورت تھی اور اس کی پانچ وکٹیں بھی باقی تھیں۔ لیکن وہ صرف پانچ رنز بنا پایا، ان میں بھی دو رنز فاضل تھے۔ آخری تین گیندوں پر جب صرف دو رنز درکار تھے، لیکن اگلی دونوں گیندوں پر وکٹیں گریں اور آخری بال پر بائے کا رن حاصل کر کے میچ ٹائی کیا۔
مقابلے کے سب سے نمایاں باؤلر انشاکا سری وردنے رہے، جنہوں نے ایک اوور میں چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔ یوں گال 24 رنز تین آؤٹ سے 25 رنز 7 وکٹوں تک پہنچ گیا۔ سری وردنے نے اپنے دو اوورز میں میچ میں پانچ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
ایک اور دلچسپ پہلو یہ رہا کہ ہدف کے تعاقب میں کالوتارا ٹاؤن پہلے ہی اوور میں تین رنز پر دو وکٹیں گنوا چکا تھا۔ اس کے بعد تقریباً ہر اوور میں کوئی نہ کوئی وکٹ گنوائی۔ ان کی اننگز میں تین رن آؤٹ بھی شامل تھے۔