سٹے بازوں کی کھلاڑیوں تک رسائی؛ فیس بک نیا ذریعہ بن چکا ہے: جیمز اینڈرسن کا انکشاف

انگلستان کے تیز گیند باز جیمز اینڈرسسن نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک غیر قانونی سٹے بازوں کی کھلاڑیوں تک رسائی کا نیا ذریعہ بن چکا ہے۔

برطانیہ کے روزنامہ "میل" کے مطابق اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا خطرہ ہے جس سے آئی سی سی کی نگاہیں اب تک اوجھل ہیں۔ ہمیں آئی سی سی کی جانب سے مسلسل ہدایات دی جاتی ہیں، اور بتایا جاتا ہے کہ آپ کو کس پر نظر رکھنی چاہیے اور سٹے بازوں کی جانب سے رابطہ کرنے پر کیا چاہیے۔ آئی سی سی کے سخت قوانین موجود ہیں کہ اگر کوئی سٹے باز آپ تک رسائی حاصل کرے تو کیا کرنا چاہیے اور ہم سب سمجھتے ہیں کہ اگر ہم درست افراد کو نہیں بتائیں گے تو یہ قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مگر اس وقت کیا ہوگا جب کھلاڑیوں سے انٹرنیٹ پر دوست بننے کے لیے رابطہ کیا جائے، اور معاملہ پیشرفت پاتے یہاں تک پہنچ جائے کہ کھلاڑی ان کے جال میں پھنس جائے۔
البتہ اینڈرسن نے اس امر کی تردید کی کہ کسی سٹے باز نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ ماضی میں کھلاڑیوں سے اس طرح بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
اینڈرسن نے گزشتہ سال کے اسپاٹ فکسنگ معاملے کو لرزہ خیز اور افسوسناک قرار دیا۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کو مانیٹر کیا جا رہاہے۔
اینڈرسن کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو واہ نے کہا تھا کہ صرف گزشتہ ایک سال میں سٹے بازوں نے 56 بین الاقوامی کھلاڑیوں سے رابطہ کیا۔