سری لنکا ویمنز اگلے مہینے پاکستان کا دورہ کریں گی

پاکستان ویمنز اگلے مہینے سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی میزبانی کریں گی۔
تین ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل اس سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا اور یہ 5 جون تک جاری رہے گا۔ یہ تمام مقابلے کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں ہوں گے۔
اس سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں شمار ہوں گے، جس میں پاکستان پچھلی بار پانچویں نمبر پر آیا تھا۔
کپتان بسمہ معروف کی نظریں پہلی بار قومی سرزمین پر ویمنز چیمپیئن شپ کے یہ میچز کھیلنے پر لگی ہوئی ہیں، کہتی ہیں "اپنی سرزمین پر آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے مقابلے کھیلنا فخر کی بات ہے۔ ہم سری لنکا کی میزبانی پر بہت خوش ہیں۔ اس سے ہمیں نئے سرے سے آگے بڑھنے اور ہوم ایڈوانٹیج کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔"
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں اور تماشائیوں کی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ میں صرف ایک کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ واحد کامیابی ویسٹ انڈیز کے خلاف تھی جبکہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف بہت سنسنی خیز مقابلے کے باوجود پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سری لنکا ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر پایا تھا۔
دونوں ٹیمیں 19 مئی کو کراچی پہنچیں گي اور پھر 24 مئی کو سیریز کا باضابطہ آغاز پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔ سیریز کا مکمل شیڈول یہ ہے:
سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - مکمل شیڈول
بمقابلہ | بتاریخ | بمقام | ||
---|---|---|---|---|
![]() | ![]() | پہلا ٹی ٹوئنٹی | 24 مئی 2022ء | کراچی |
![]() | ![]() | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | 26 مئی 2022ء | کراچی |
![]() | ![]() | تیسرا ٹی ٹوئنٹی | 28 مئی 2022ء | کراچی |
![]() | ![]() | پہلا ون ڈے | یکم جون 2022ء | کراچی |
![]() | ![]() | دوسرا ون ڈے | 3 جون 2022ء | کراچی |
![]() | ![]() | تیسرا ون ڈے | 5 جون 2022ء | کراچی |