اور آسٹریلیا پھر ورلڈ کپ سیمی فائنل میں

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء میں آسٹریلیا اب تک ناقابلِ شکست ہے اور اسے سب سے بڑا چیلنج دیا بھارت نے کہ جس کے خلاف مقابلے میں آسٹریلیا کو 278 رنز کے ہدف کا سامنا تھا لیکن اُس نے نہ صرف یہ ریکارڈ ہدف عبور کیا بلکہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ پا لی ہے۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور باؤلنگ کے لیے سازگار حالات کو دیکھتے ہوئے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔
بھارت کو ابتدائی دھچکے ضرور پہنچے لیکن اس نے معاملات سنبھال لیے اور 277 رنز کا ایک اچھا ٹوٹل اکٹھا کیا۔ اس میں کپتان مٹھالی راج کے 68، یاستیکا بھاٹیا کے 59 اور آخر میں ہرمن پریت کور کے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 57 رنز بھی شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈارسی براؤن نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو کھلاڑیوں کو ایلانا کنگ نے آؤٹ کیا۔
اب آسٹریلیا کو 278 رنز کا تعاقب کرنا تھا، جتنا بڑا یہ ہدف تھا آسٹریلیا کا آغاز بھی اتنا ہی شاندار تھا۔ ریچل ہینز اور ایلیسا ہیلی نے پہلی ہی وکٹ پر 121 رنز کی شراکت کی۔ ہیلی 65 گیندوں پر 72 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں اور اگلے ہی اوور میں ہینز کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
یہاں پر کپتان میگ لیننگ نے معاملات اپنی گرفت میں لے لیا۔ پہلے انہوں نے ایلیس پیری کے ساتھ 103 رنز کی شراکت داری قائم کی جس میں ایلیس کا حصہ صرف 28 رنز کا تھا۔ پھر نہ صرف میچ کو خاتمے کی طرف لے جانے لگیں بلکہ اپنی 15 ون ڈے سنچری کی طرف بھی رواں تھیں کہ 49 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئیں، سنچری سے صرف 3 رنز کے فاصلے پر۔
ان کی 107 گیندوں پر 97 رنز کی اننگز 13 چوکوں سے مزین تھی، جو اس وقت ختم ہوئی جب آسٹریلیا کو صرف 8 رنز درکار تھے۔ آخری اوور میں بیتھ مونی کے دو چوکوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہدف پا لیا اور یوں سب سے پہلے سیمی فائنل تک پہنچ گیا۔
ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 18
آسٹریلیا بمقابلہ بھارت
نتیجہ: آسٹریلیا 6 وکٹوں سے جیت گیا
بھارت | 277-7 | |
مٹھالی راج | 68 | 96 |
یاستیکا بھاٹیا | 59 | 83 |
آسٹریلیا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
ڈارسی براؤن | 8 | 0 | 30 | 3 |
ایلانا کنگ | 10 | 1 | 52 | 2 |
آسٹریلیا 🏆 | 280-4 | |
میگ لیننگ | 97 | 107 |
ایلیسا ہیلی | 72 | 65 |
بھارت باؤلنگ | ا | م | ر | و |
پوجا وستراکر | 10 | 0 | 43 | 2 |
سنے رانا | 10 | 0 | 56 | 1 |
آسٹریلیا نے ویمنز ورلڈ کپ 2022ء میں اب تک کوئی میچ نہیں ہارا اور تمام پانچوں مقابلوں کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب لازماً اپنے باقی ماندہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے، جن میں اس کا مقابلہ ناقابلِ شکست جنوبی افریقہ اور خطرناک بنگلہ دیش سے ہوگا۔
ویمنز ورلڈ کپ 2022ء - پوائنٹس ٹیبل
میچز | جیتے | ہارے | پوائنٹس | نیٹ رن ریٹ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() | 5 | 5 | 0 | 10 | 1.424 |
![]() | 4 | 4 | 0 | 8 | 0.226 |
![]() | 5 | 3 | 2 | 6 | -0.930 |
![]() | 5 | 2 | 3 | 4 | 0.456 |
![]() | 5 | 2 | 3 | 4 | -0.216 |
![]() | 4 | 1 | 3 | 2 | 0.351 |
![]() | 4 | 1 | 3 | 2 | -0.342 |
![]() | 4 | 0 | 4 | 0 | -0.996 |
ویسے آسٹریلیا کا اگلا میچ بہت دلچسپ ہوگا، جس میں اس کا ٹکراؤ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ وہ ٹیم جو آسٹریلیا کی طرح اب تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ نہیں ہاری۔ آسٹریلیا تو اب دباؤ سے آزاد ہو چکا ہے اس لیے یہ جنوبی افریقہ کا امتحان ہوگا، جس نے اب تک ورلڈ کپ میں بہت سنسنی خیز میچز جیتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔