ورلڈ الیون بمقابلہ ویسٹ انڈیز؛ شاہد آفریدی شرکت کے لیے پر عزم

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 31 مئی کو لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چیریٹی میچ میں یقینی شرکت کے عزم کا اعادہ کردیا اور اس طرح ان کی شرکت کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا جن میں گھٹنے کی انجری کے باعث ان کی شرکت کو مشکوک قرار دیا جا رہا تھا۔ یاد رہے لالہ رواں سال پاکستان سپر لیگ کے دوران انجری سے دوچار ہوئے تھے اور 2 ماہ گزرنے کے باوجود اب تک گھٹنے کی انجری سے مکمل صحتیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
بوم بوم آفریدی نے اپنی تازہ ٹویٹ میں کہا کہ میں آئی سی سی ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلوں کیونکہ میں محسوس کرتا ہوں کہ ایک کرکٹر اور مسلمان ہونے کی حیثیت سے مجھے اس مقصد کے لیے مدد کرنی چاہیے۔ میں ڈاکٹرز کی جانب سے دیے گئے بحالی کے پروگرام پر عمل کر رہا ہوں۔
پاکستان سے اس چیرٹی میچ میں ورلڈلیون کی طرف سے دو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، شاہدآفریدی کے علاوہ دوسرے سابق کپتان شعیب ملک ہیں جبکہ اس دستے کی قیادت انگلش کپتان ایون مورگن کے ذمے ہے۔
واضح رہے ورلڈالیون اور ویسٹ انڈیز کے مابین اس چیرٹی میچ کا مقصد ان کیریبیئن اسٹیڈیمز کی بحالی کے لئے فنڈ اکٹھا کرنا ہے جو گزشتہ سال ارما اور ماریہ نامی طوفان سے شدید متاثر ہو گئے تھے۔