جو روٹ محمد عباس کے نشانے پر

0 1,040

پاکستان کے نوجوان تیز باؤلر محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے انگلش کپتان جو روٹ کو اپنا پہلا ہدف قرار دیا ہے۔

پاک-انگلستان دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز 24 مئی سے لارڈز کے میدان پر شروع ہوگی جبکہ دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے ہیڈنگلی میں ہوگا۔

'اسکائی اسپورٹس' سے بات کرتے ہوئے 28 سالہ محمد عباس محمد عباس بین الاقوامی منظرنامے پر ابھی نیا چہرہ ہیں۔ وہ اب تک پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل کیریئر میں 21 کے اوسط سے 23 وکٹیں لے چکے ہیں لیکن پاک-انگلینڈ سیریز ان کے کیریئر کو کافی آگے لے جا سکتی ہے، بشرط کارکردگی!

عباس سمجھتے ہیں کہ پاکستان دورۂ انگلینڈ میں میزبان کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ "ایک اچھی ٹیم کے خلاف، اسی کے میدانوں پر کھیلنا مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن میرے لیے یہ اہم ہے کہ اپنی پوری جان لڑاؤں اور پاکستان کو جتوانے میں مدد دوں۔"

سیریز کے لیے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے عباس نے کہا کہ "بلاشبہ اپنے میدانوں پر کھیلنے والی ہر ٹیم فیورٹ سمجھی جاتی ہے، لیکن انگلستان میں پاکستان ایک اچھا ریکارڈ رکھتا ہے، اس لیے ہم اس سیریز کو جیتنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس کے لیے اہم وکٹیں حاصل کرنا بہت ضروری ہے، میرا منصوبہ ہے کہ جو روٹ کی وکٹ حاصل کروں اور ان کے ساتھ انگلش بیٹنگ لائن کے سینئر بلے بازوں کو بھی ٹھکانے لگاؤں۔ ان فارم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہمیشہ میرا منصوبہ رہا ہے امید ہے کہ اس بار کامیابی بھی ملے گی۔"

پاکستان نے آخری بار 2016ء میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جب بہت ہی دلچسپ مقابلوں کے بعد سیریز دو-دو سے برابر ہوئی تھی۔

جو روٹ حال ہی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلوں میں انگلینڈ کے سب سے نمایاں بلے باز رہے ہیں۔ انہوں نے 7 میچز میں 43 کے اوسط اور ساتھ نصف سنچریوں کی مدد سے رنز بنائے جبکہ ہوم گراؤنڈ پر تو روٹ کا ریکارڈ بہت ہی شاندار ہے۔ وہ 35 میچز میں 59 سے زیادہ کے اوسط سے رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کی 13 میں سے 10 ٹیسٹ سنچریاں بھی انگلینڈ ہی میں بنی ہیں۔

عباس نے ابھی پچھلے ہفتے لیسٹر شائر کی جانب سے اپنا کاؤنٹی ڈیبیو بھی کیا ہے اور یہ کاؤنٹی سیزن پاک-انگلینڈ سیریز میں ان کو کافی مدد دے گا۔ محمد عباس پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے دستے میں شامل تھے البتہ کوئی مقابلہ نہیں کھیل پائے۔ پھر بھی عظیم باؤلر وسیم اکرم کی زیر نگرانی تربیت میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔