سیمی نے کامیابی یونس خان کے نام کردی

آج پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کا آخری دن ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود پشاور زلمی اور لاہور قلندرز ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں۔ لاہور تو پہلے ہی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے لیکن پشاور کے لیے امید ابھی موجود ہے۔ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف ایک شاندار کامیابی کے ساتھ اب پشاور کے لیے معاملہ بالکل سیدھا ہے، اسے لاہور کے خلاف یہ میچ جیتنا ہے اور پلے-آف میں جگہ پانی ہے۔ بلکہ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اپنے بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے کوئٹہ کی جگہ دوسری پوزیشن حاصل کرلے اور اتوار کو دبئی میں ہونے والا کوالیفائر کھیلے، جہاں اس کا مقابلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد سے ہوگا۔
بہرحال، کراچی کے خلاف کامیابی نے پشاور کے حوصلے بہت بلند کردیے ہیں اور نیٹ رن ریٹ کو بھی بہت فائدہ پہنچایا ہے۔ 44 رنز سے ملنے والی اس کامیابی میں کامران اکمل نے بہت نمایاں کردار ادا کیا جنہوں نے 51 گیندوں پر 75 رنز بنائے جبکہ ڈیرن سیمی نے بھی 15 گیندوں پر 36 رنز اسکور کیے۔
یہی وجہ ہے کہ سیمی میچ کے بعد بہت خوش دکھائی دیے۔ انہوں نے اپنی اس اہم ترین کامیابی کو ٹیم کے گرو یونس خان کے نام کیا۔ پشاور زلمی کی انتظامیہ میں شامل یونس خان وطن واپس آ چکے ہیں کیونکہ ان کی اہلیہ نے ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔ یہ بیٹے اویس اور بیٹی عمارہ کے بعد یونس کی تیسری اولاد ہے۔
بچے کی تصویریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پر ایک شاندار فتح سے بڑھ کر تحفہ کیا ہوگا؟
Alhamdulillah - Allah swt has blessed me with a second son. Please remember me in your prayers. pic.twitter.com/UJuVV4BLpE
— Younis Khan (@iam_younis) March 14, 2018
میچ کے بعد اپنے وڈیو پیغام میں سیمی نے کہا کہ ہم کل بھی یہاں آئیں گے اور جیت کر جائیں گے۔ دیکھتے ہیں پشاورکو اہم جیت ملتی ہے یا قلندروں کو مسلسل چوتھی کامیابی نصیب ہوتی ہے اور پشاور کے رنگ میں بھنگ ڈال دیتا ہے۔
Darren Sammy dedicates today"s win to Younis Khan #PSL2018 #KKvPZ pic.twitter.com/fEc6xJMAGz
— Saj Sadiq (@Saj_PakPassion) March 15, 2018