سرفراز احمد کے 100 شکار مکمل!

پاکستان قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد بہت ذہین کھلاڑی ہیں۔ اس کا اندازہ ان کی مستقل مزاجی سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ سرفراز احمد تنازعات اور الزامات کی دنیا سے بہت دور اپنے حصے کا کام بہتر انداز سے نبھانے میں لگے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ گرین دستے کا لازمی جزو بن چکے ہیں۔
سڈنی ٹیسٹ میں سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 100 شکار مکمل کر کے ایک اور سنگین میل عبور کر لیا۔ وکٹ کیپر کی حیثیت میں سرفراز کا سوواں شکار ڈیوڈوارنر بنے جو وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ سرفراز نے عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ کا کیچ بھی تھاما جس سے ان کے شکار کیے گئے کھلاڑیوں کی تعداد 102 ہوچکی ہے۔
سرفراز احمد سے قبل صرف پانچ پاکستانی وکٹر کیپر ہی یہ کارنامہ انجام دے سکیں ہیں۔ ان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری سرفہرست ہیں جنہوں نے 228 کھلاڑیوں کو کیچ اور اسٹمپ کیا۔ آج تک 100 سے زائد شکار کرنے والے پاکستانی وکٹ کیرز کی فہرست اور اعداد و شمار ذیل میں دیئے جارہے ہیں:
نام | مقابلے | اننگز | کل شکار | کیچ | اسٹمپ |
---|---|---|---|---|---|
وسیم باری | 81 | 146 | 228 | 201 | 27 |
کامران اکمل | 53 | 99 | 206 | 184 | 22 |
معین خان | 69 | 124 | 148 | 128 | 20 |
راشد لطیف | 37 | 69 | 130 | 119 | 11 |
سلیم یوسف | 32 | 58 | 104 | 91 | 13 |
سرفراز احمد | 33 | 62 | 102 | 85 | 17 |
قومی ٹی ٹونٹی کے کپتان کی خاص بات وکٹ کیپنگ کے علاوہ زبردست بلے بازی بھی ہے۔ سرفراز احمد کئی اہم اور مشکل مواقع پر ٹیم کے لئے قیمتی رنز بنا چکے ہیں۔ اپے ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے 56 اننگز میں 41.28 کی اوسط سے 1858 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 3 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سرفراز کی بہترین ٹیسٹ اننگز 112 رنز کی ہے جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلی تھی۔