ڈیوڈ وارنر کا نام بریڈمین اور ماجد خان کے ساتھ

پاکستان کا دورہ آسٹریلیا کینگرو دستے کے لئے بہت مبارک ثابت ہورہا ہے۔ ایک طرف آسٹریلیا نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ سے شکست کا روگ ختم کیا تو دوسری جانب جی بھر کر ریکارڈز پر ریکارڈز بنائے۔ انہی میں سے ایک تازہ ترین ریکارڈ ڈیوڈ وارنر نے اپنے نام کیا ہے۔
سڈنی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میں اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پاکستانی گیندبازوں کی درگت بناتے ہوئے پہلے دن کے پہلے ہی سیشن میں سنچری بنا ڈالی۔ کھانے کے وقفے سے پہلے ہی سنچری بن جانے سے یہ سمجھنا ذرا مشکل نہیں کہ وارنر نے کتنی دھماکے دار اننگز کھیلی۔ رہی بات پاکستانی گیند بازوں کا حال، تو وہ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے۔
تماشائیوں کو خوب محظوظ کرتی اس اننگز میں وارنر نے 78 گیندوں پر 17 چوکے لگائے۔ یہ انداز ٹیسٹ میچ کے لحاظ سے ذرا عجیب لگتا ہے کیونکہ ایسا تو آج کل ایک روزہ میں بھی کم کم دیکھنے کو ملتا ہے۔
اس شاندار کارکردگی سے وارنر نے اپنا نام ان چار عظیم بلے بازوں کی فہرست میں شامل کروا لیا جو ٹیسٹ کے پہلے سیشن میں سنچری جڑ چکے ہیں۔ ان میں پاکستان کے ماجد خان، آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین، چارلس مکارٹنی اور وکٹر ٹرمپر شامل ہیں۔
یہ تو تھا میچ کا آغاز۔ میچ ابھی جاری ہے آگے آگے دیکھیئے گینگروز شاہینوں کے ساتھ مزید کیسا سلوک کرتے ہیں۔
پہلے سیشن میں سنچری اننگز کھیلنے والے بلے باز
رنز | بلے باز | مجموعی اننگز | ملک | مخالف ٹیم | مقام | سال |
---|---|---|---|---|---|---|
103* | وکٹر ٹرمپر | 104 | آسٹریلیا | انگلستان | مانچسٹر | 1902 |
112* | چارلس مکارٹنی | 151 | آسٹریلیا | انگلستان | لیڈز | 1926 |
105* | ڈان بریڈمین | 334 | آسٹریلیا | انگلستان | لیڈز | 1930 |
108* | ماجد خان | 112 | پاکستان | نیوزی لینڈ | کراچی | 1976-77 |
100* | ڈیوڈ وارنر | 113 | آسٹریلیا | پاکستان | سڈنی | 2016-17 |