ہر ملک میں سنچری، یونس خان کی نظریں منفرد ریکارڈ پر

بالآخر اسٹیون اسمتھ نے بھی پاکستان کے خلاف سنچری بنا ہی ڈالی۔ آٹھ اننگز میں پانچ نصف سنچریاں، جن میں 97 رنز سب سے بڑی اننگز تھی، خوش قسمتی کی وجہ سے تہرے ہندسے میں پہنچی اور یوں اسمتھ ان تمام ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں جن کے خلاف انہوں نے کرکٹ کھیلی ہے۔ جو رہ گئے ہیں وہ بنگلہ دیش اور زمبابوے ہیں۔ اسمتھ کی ناقابل شکست 110 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے برسبین میں پہلے دن صرف 3 وکٹوں پر 288 رنز بنا ڈالے اور اب دوسرے روز اننگز کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان کے لیے پہلا دن مایوس کن تو رہا لیکن ابھی چار دن کا کھیل باقی ہے جس میں سب کی نظریں یونس خان پر ہیں۔
پاکستان کے عظیم بلے باز آسٹریلیا کی سرزمین پر اپنا چوتھا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور اب تک چھ اننگز میں وہ 43 کے اوسط سے 259 رنز بنا چکے ہیں جن میں 87 رنز کی ایک اننگز بھی شامل ہے جو یونس نے 2004ء کے ملبورن ٹیسٹ میں کھیلی تھی۔ بدقسمتی سے وہ صرف 13 رنز کی کمی کی وجہ سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ اس لیے آسٹریلیا پہنچ کر یونس خان کو ایک انوکھے ریکارڈ کا موقع دوبارہ ملا ہے۔
اگر برسبین میں، یا اس کے بعد تین میں سے کسی بھی ٹیسٹ میں یونس خان ایک سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ 11 ممالک میں ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔
یونس خان نے آسٹریلیا کے سوا ٹیسٹ کھیلنے والے تمام دیگر 9 ممالک اور متحدہ عرب امارات میں کم از کم ایک سنچری ضرور بنائی ہے۔ گزشتہ چھ سالوں سے پاکستان کا "نیا گھر" متحدہ عرب امارات کا ان کا پسندیدہ ملک ہے کہ جہاں انہوں نے 11 سنچریاں بنائی ہیں۔ یہاں 213 رنز کی بہترین اننگز یونس خان نے اکتوبر 2014ء میں آسٹریلیا ہی کے خلاف کھیلی تھی۔
2000ء میں ٹیسٹ کیریئر کے آغاز سے 2009ء میں پاکستان میں یونس خان نے 19 ٹیسٹ کھیلے اور ان میں 7 سنچریاں بنائیں جن میں 313 رنز کی "کیریئر بیسٹ" اننگز بھی شامل ہے۔ یونس خان نے بنگلہ دیش، بھارت اور سری لنکا میں بھی تین، تین سنچریاں بنائی ہیں جبکہ دو سنچریاں انگلستان کے دورے پر اسکور کیں، بشمول حالیہ دورے میں اوول کے میدان پر 218 رنز کی اننگز کے۔
باقی ماندہ ممالک نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے میں بھی ایک، ایک سنچری اننگز شامل ہے۔ یوں صرف آسٹریلیا کی سرزمین ہی رہ گئی ہے جہاں "مائٹی یونس" نے کبھی کوئی سنچری نہیں بنائی۔ یونس نے آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ دسمبر 2004ء میں پرتھ میں کھیلا تھا جہاں 42 اور 17 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ملبورن میں انہوں نے 217 منٹوں پر محیط 87 رنز کی اننگز تراشی البتہ دوسری باری 23 رنز پر تمام ہوئی۔ یونس نے اپنا آخری ٹیسٹ 2005ء میں سڈنی میں کھیلا تھا جہاں 46 اور 44 رنز کی باریاں کھیلیں اور اس کے بعد آج برسبین کے ذریعے آسٹریلیا میں پہلا مقابلہ کھیلا ہے۔
یونس خان پاکستان کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے خلاف سنچریاں بنا رکھی ہیں اور اب آسٹریلیا میں بھی تہرے ہندسے کی اننگز ان کے ریکارڈز کی طویل فہرست میں ایک اور اضافہ کردے گی۔
یونس خان کی مختلف ممالک میں دکھائی گئی کارکردگی
بمقام | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|
![]() |
4 | 259 | 87 | 43.16 | 0 | 1 |
![]() |
6 | 604 | 200* | 100.66 | 3 | 0 |
![]() |
9 | 810 | 218 | 50.62 | 2 | 3 |
![]() |
6 | 768 | 267 | 76.80 | 3 | 2 |
![]() |
7 | 473 | 149* | 43.00 | 1 | 3 |
![]() |
19 | 1898 | 313 | 59.31 | 7 | 5 |
![]() |
8 | 489 | 111 | 32.60 | 1 | 2 |
![]() |
17 | 1172 | 177 | 45.07 | 3 | 5 |
![]() |
27 | 2484 | 213 | 55.20 | 11 | 7 |
![]() |
5 | 211 | 106 | 23.44 | 1 | 0 |
![]() |
5 | 511 | 200* | 73.00 | 1 | 3 |