اظہر محمود کے باؤلنگ کوچ بننے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کی بطور باؤلنگ کوچ تقرری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گو کہ وہ دو مرتبہ اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، لیکن اس مرتبہ انہیں طویل عرصے کے لیے یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اظہر محمد رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور دورۂ انگلستان کے لیے دو مختصر دور میں پاکستان کی کوچنگ کر چکے ہیں۔
اظہر محمود کی تقرری کا باقاعدہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا لیکن مختلف ذرائع نے اظہر محمود کی اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ وہ دورۂ نیوزی لینڈ سے پہلے یہ عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔
سابق آل راؤنڈر کے ساتھ دو سالہ معاہدے میں یہ شرط شامل ہوگی کہ ایک سال بعد بورڈ اور اظہر دونوں معاہدے پر نظرثانی کر سکتے ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور دورۂ انگلستان میں محدود اوورز کے مقابلوں میں پاکستان کی بے اثر باؤلنگ پر اظہر محمود کو تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا البتہ اس نئے فیصلے سے لگتا ہے کہ بورڈ اور انتظامیہ ان کی کارکردگی سے مطمئن تھی۔ ویسے اظہر کراچی کنگز کے باؤلنگ کوچ کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں کہ جہاں پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی موجود ہوں۔ یوں کراچی کنگز کا عملہ پاکستان کرکٹ پر حاوی دکھائی دے رہا ہے۔