ونسنٹ بارنیس نے بنگلہ دیش کی کوچنگ کی پیشکش ٹھکرا دی

ونسنٹ بارنیس نے بنگلہ دیش کی جانب سے کوچ کا عہدہ دینے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان سے اپنےفیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے نئے کوچ کے اعلان کے ساتھ دستے و انتظامیہ میں تبدیلیاں کی ہیں جن کے تحت ونسنٹ بارنیس کی کوئی جگہ نہیں بچی جو گزشتہ 8 سالوں سے جنوبی افریقہ کے نائب کوچ کے عہدے پر فائز تھے۔
جنوبی افریقہ نے سوموار کو رسل ڈومنگو کو اپنا نیا نائب کوچ اور ایلن ڈونلڈ کو باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے صدر جیرالڈ مجولا کے مطابق بارنیس کو پریٹوریا میں واقع ہائی پرفارمنس سینٹر میں اعلیٰ عہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔
اگر بارنیس نے نظرثانی کے بعد بھی بنگلہ دیش کی پیشکش قبول نہ کی تو یہ بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوگا کیونکہ عالمی کپ میں توقعات پوری نہ ہونے پر کوچ جیمی سڈنز کو ہٹا دیا گیا تھا جبکہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عبوری کوچ اسٹورٹ لا پر عہدے پر تادیر قائم رہنے کے خواہشمند نہیں دکھائی دیتے۔