ایشیز کے بعد انگلستان کی نظریں بھارت کو شکست دینے پر مرکوز

یکے بعد دیگرے دو ایشیز سیریز جیتنے والے انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس اس دعوے میں حق بجانب ہوں گے کہ وہ اپنی بین الاقوامی کرکٹ کے عروج پر پہنچ چکے ہیں لیکن نہیں وہ بھارت کو بھارت میں شکست دینا چاہتے ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دینا ایشیز سے بھی بڑا اعزاز ہے۔

برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق اسٹراس انگلستان کی کرکٹ صلاحیتوں کے اگلے امتحان کو جانچنے کے لیے بھارت کے خلاف اسی کی سرزمین پر کھیلنے کے خواہاں ہیں۔
اسٹراس کا کہنا ہے کہ گو کہ وہ ایشیز کو ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں لیکن ہمیں اس سے کہیں آگے نظریں دوڑانے کی ضرورت ہے جیسا کہ بھارت اور جنوبی افریقہ، کیونکہ ان دونوں کو مستقل بنیادوں پر میزبان اور مہمان دونوں صورتوں میں ہرانا مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بھارت کو کبھی ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دی اور اگر ہم دنیا کی بہترین ٹیم بننا چاہتے ہیں تو ہمیں یہ کارنامہ انجام دینا ہوگا۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت کو شکست دینا ایشیز میں آسٹریلیا کو ہرانے سے بھی بڑا کارنامہ ہوگا کیونکہ وہاں کی کنڈیشنز کہیں زیادہ اجنبی ہوں گی۔
اینڈریو اسٹراس اپنی کتاب "Winning The Ashes Down Under: The Captain's Story" کے اجراء سے قبل گفتگو کر رہے تھے۔ اس کتاب کا اجراء 26 مئی کو ہوگا۔