”چار دن کی چاندنی“، پاکستان کو درجہ بندی میں بڑا نقصان

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے و آخری ٹیسٹ میں کامیابی اور ساتھ ہی سیریز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستان کے لیے خوشی کا سب سے بڑا مقام یہ تھا کہ اس نے عالمی درجہ بندی میں اپنے تیسرے مقام کو مضبوط کرلیا، لیکن یہ محض چند روزہ خوشی ثابت ہوئی کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے درجہ بندی میں سالانہ اپڈیٹ نے پاکستان کو چھٹے نمبر پر لا پھینکا ہے۔
درجہ بندی کو تازہ ترین رکھنے کے لیے پچھلے چار سال کے مقابلے شامل رکھے جاتے ہیں اور ہر سال سب سے پرانے سال کو درجہ بندی سے نکال دیا جاتا ہے۔ اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سالانہ اپڈیٹ میں جس سال کو نکالا ہے وہ مئی 2011ء سے مئی 2012ء تک کا عرصہ ہے جس کے دوران پاکستان نے اپنے وقت کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم انگلستان کو بھی شکست دی تھی۔ اب کیونکہ اس سیریز کے پوائنٹس پاکستان کے پاس سے نکل گئے ہیں اس لیے وہ پانچ پوائنٹس سے محروم ہوجانے کے بعد تیسرے سے یکدم چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
اب تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا 8 پوائنٹس سے محروم ہوجانے کے باوجود دوسرے نمبر پر ہے۔ لیکن سب سے زیادہ فائدہ نیوزی لینڈ کو ملا ہے۔ وہ اپڈیٹ سے قبل پانچویں نمبر پر تھا لیکن اب تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ بھارت بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہے کہ جو ساتویں پوزیشن سے چوتھے پر پہنچ چکا ہے۔ حالانکہ اسی دوران بھارت کو انگلستان اور آسٹریلیا کے ہاتھوں دو بدترین سیریز شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلستان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکامی کے باوجود پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان مایوس کن چھٹے مقام پر ہے۔
اب پاکستان کے لیے آئندہ دورۂ سری لنکا بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ اگر پاکستان وہاں سری لنکا کو دو-صفر سے شکست دے دے تواپناکھویا ہوا تیسرا مقام حاصل کرسکتا ہے لیکن یہ ناممکن نہیں تو بہت مشکل کام ضرور ہے۔ بہرحال، ہمتِ مرداں مددِ خدا!
سالانہ اپڈیٹ کے بعد ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی
بمطابق 12 مئی 2015ء
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | جنوبی افریقہ | ![]() |
21 | 2738 | 130 |
2 | آسٹریلیا | ![]() |
23 | 2492 | 108 |
3 | نیوزی لینڈ | ![]() |
26 | 2584 | 99 |
4 | بھارت | ![]() |
22 | 2183 | 99 |
5 | انگلستان | ![]() |
27 | 2623 | 97 |
6 | پاکستان | ![]() |
20 | 1935 | 97 |
7 | سری لنکا | ![]() |
21 | 2019 | 96 |
8 | ویسٹ انڈیز | ![]() |
23 | 1927 | 84 |
9 | بنگلہ دیش | ![]() |
18 | 704 | 39 |
10 | زمبابوے | ![]() |
10 | 53 | 5 |