پاکستان کبھی دوسرا موقع نہیں دیتا

اگر دنیائے کرکٹ میں سے کسی ایک ایسی ٹیم کا انتخاب کیا جائے جو بیک وقت بڑے سے بڑے حریف کو شکست دینے کی ہمت ، اور ساتھ ہی معمولی سے معمولی مقابل سے بھی ہارنے کے خوف میں مبتلا ہو، تو وہ بلاشبہ پاکستان ہے۔ کرکٹ تاریخ کی چند ناقابل یقین فتوحات بھی اسی کے دامن میں ہیں اور چند ناقابل فراموش شکستیں بھی پاکستان ہی کے پاس ہیں۔ جیسا کہ عالمی کپ 1999ء میں بنگلہ دیش کے خلاف شکست۔ پاکستان اعزاز جیتنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار تھا اور آخر میں چیمپئن بننے والے آسٹریلیا تک کو زیر کر چکا تھا لیکن 31 مئی 1999ء کو وہ بنگلہ دیش کو زیر نہ کرسکا۔ نارتھمپٹن میں ہونے والے اس مقابلے میں بنگلہ دیش نے 62 رنز سے کامیابی حاصل کی اور عالمی منظرنامے پر اپنی آمد کا حقیقی اعلان کیا۔ اسی مقابلے کی وجہ سے اسے ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ بھی ملا لیکن اسے پھر کبھی یہ موقع نہیں ملا کہ وہ پاکستان کو شکست دے سکے۔ 16 سالوں میں دونوں ممالک 25 مقابلے کھیل چکے ہیں اور ہر مرتبہ جیت پاکستان کے نصیب میں آئی۔ متعدد بار تو باہمی معرکے سنسنی خیزی کی حدوں کو بھی عبور کرگئے، جیسا کہ ایشیا کپ 2012ء کا فائنل، لیکن پاکستان سرخرو ٹھیرا اور بنگلہ دیش ڈیڑھ دہائی سے زیادہ عرصہ گزرجانے کے باوجود پاکستان کے خلاف اپنی اگلی جیت کا منتظر ہے۔
اسی طرح آئرلینڈ بھی ہے، جسے عالمی کپ میں پاکستان کو شکست دینے کا اعزازحاصل ہے۔ 2007ء میں سینٹ پیٹرکس ڈے پر 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے آئرلینڈ نے نہ صرف خود سپر8 مرحلے میں جگہ پائی بلکہ پاکستان کو عالمی دوڑ سے بھی باہر کردیا۔ کوچ باب وولمر اس صدمے کو برداشت نہ کرسکے اور اسی شب چل بسے۔ یوں آئرلینڈ کے ہاتھوں قومی کرکٹ تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ ہوا لیکن پاکستان نے یہ بات پلّے سے باندھ لی کہ اب اس حریف سے دوبارہ نہیں ہارنا۔
اس بدترین مقابلے کے بعد پاکستان کا آئرلینڈ سے پہلا ٹکراؤ 4 سال بعد بیلفاسٹ میں ہوا جہاں اس نے باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور دو دن بعد یہیں 5 وکٹوں سے میدان مارا۔ البتہ ٹھیک 2 سال بعد ڈبلن میں پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف دو مقابلوں کی سیریز میں سخت مشکلات سے گزرنا پڑا، جہاں پہلا مقابلہ برابری کی بنیاد پر ختم ہوا جبکہ دوسرے میں پاکستان نے صرف 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز جیت لی۔
اب ایڈیلیڈ میں آئرلینڈ کنگسٹن، جمیکا میں پیش کی گئی کارکردگی دہرائے گا یا پاکستان 'سبز طوفان' کے خلاف اپنی فتوحات کے سلسلے کو مزید طول دے گا؟ یہ چند گھنٹوں میں معلوم ہوجائے گا۔ آپ بھی تیار رہیے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے ایک روزہ مقابلے
نتیجہ | فرق | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() |
شکست | 3 وکٹیں | ![]() |
کنگسٹن | 17 مارچ 2007ء |
![]() |
جیت | 7 وکٹیں | ![]() |
بیلفاسٹ | 28 مئی 2011ء |
![]() |
جیت | 5 وکٹیں | ![]() |
بیلفاسٹ | 30 مئی 2011ء |
![]() |
برابر | - | ![]() |
ڈبلن | 23 مئی 2013ء |
![]() |
جیت | 2 وکٹیں | ![]() |
ڈبلن | 26 مئی 2013ء |