بھارت کا وقار مقدم ہونا چاہیے، بھارتی بورڈ کی کوہلی کو تنبیہ

بھارت کے بلے باز ویراٹ کوہلی کی صحافی سے بدتمیزی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سخت رویہ اختیار کیا ہے اور مایہ ناز کھلاڑی کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ملک اور ٹیم کا وقار برقرار رکھیں، اور ایسا برتاؤ نہ کریں۔
چند روز قبل پرتھ میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔ بورڈ سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ویراٹ کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے رویے سے بچیں جبکہ مجموعی طور پر کھلاڑیوں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ نظم و ضبط کی پابندی کریں اور ملک کی عزت بڑھائیں۔ بورڈ کھیل کی ترویج اور اسے مقبول بنانے میں ذرائع ابلاغ کے کردار کا احترام کرتا ہے اور فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ معاملے کو بھلا کر عالمی کپ پر توجہ مرکوز رکھیں۔
بھارت کے نائب کپتان ویراٹ نے دو دن پہلے تربیتی سیشن سے لوٹتے وقت ایک صحافی سے گالم گلوچ کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اور اپنی داشتہ انوشکاشرما کے بارے میں اخبار میں چھپنے والی رپورٹ پر ناراض تھے اور موقع دیکھتے ہی پھٹ پڑے۔