شاہد آفریدی نے 8 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا

اپنے ایک روزہ کیریئر کے اختتامی مراحل میں شاہد آفریدی ایک اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وہ 8 ہزار ایک روزہ رنز بنانے والے پاکستان کے چوتھے اور دنیا کے ستائیسویں بلے باز بن گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے خلاف عالمی کپ 2015ء کے مقابلے میں جب وہ 49ویں اوور میں میدان میں اترے تو انہیں 8 ہزار رنز کی تکمیل کے لیے صرف 2 رنز کی ضرورت تھی جو انہوں نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ایک شاندار چھکے کے ذریعے مکمل کرلیے۔
شاہد آفریدی سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف اور سعید انور ہی ایسے پاکستانی کھلاڑی تھے، جنہیں 8 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے کا شرف حاصل رہا ہے بلکہ جاوید میانداد تک اس مقام تک نہیں پہنچ سکے، جہاں اب شاہد آفریدی کھڑے ہیں۔
شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996ء میں اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی ہی اننگز میں 37 گیندوں پر سنچری کے ذریعے عالمی شہرت سمیٹی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک 395 مقابلو ں کی 367 اننگز میں 8019 رنز بنا چکے ہیں، جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اپنی پہلی اننگز میں ہی سنچری داغنے کے بعد شاہد آفریدی نے آخری بار ایشیا کپ 2010ء میں بنگلہ دیش کے خلاف تہرے ہندسے کی اننگز کھیلی تھی اور گزشتہ تقریباً پانچ سال سے اس اعزاز سے محروم ہیں۔
8 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں میں شاہد آفریدی 23.58 کے اوسط کے ساتھ سب سے نیچے ہیں، لیکن 116.86 کا اسٹرائیک ریٹ کسی کا بھی نہیں۔ شاہد آفریدی ان معدودے چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں ایک آل راؤنڈر کی حیثیت سے اتنے زیادہ رنز بنانے کا موقع ملا۔ وہ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کے بعد واحد کھلاڑی ہیں جنہیں 300 سے زیادہ وکٹیں لینے اور 8 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ اس وقت اپنی 400 وکٹیں مکمل کرنے سے صرف 5 شکاروں کے فاصلے پر ہیں، جس کے بعد وہ 8 ہزار رنز اور 400 وکٹیں لینے والے دنیاکے واحد آل راؤنڈر بن جائیں گے۔
ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بھارت کے سچن تنڈولکر نے بنائے ہیں جن کے رنز کی تعداد 18 ہزار 426 ہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز کبھی 14 ہزار رنز نہیں بنا سکا، البتہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا اس مقام سے صرف 39 رنز کے فاصلے پر ہیں۔
سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
انضمام الحق | ![]() |
375 | 11701 | 137* | 39.53 | 10 | 83 |
محمد یوسف | ![]() |
281 | 9554 | 141* | 42.08 | 15 | 62 |
سعید انور | ![]() |
247 | 8824 | 194 | 39.21 | 20 | 43 |
شاہد آفریدی | ![]() |
395 | 8019 | 124 | 23.58 | 6 | 39 |
جاوید میانداد | ![]() |
233 | 7381 | 119* | 41.70 | 8 | 50 |
یونس خان | ![]() |
263 | 7203 | 144 | 31.31 | 7 | 48 |
سلیم ملک | ![]() |
283 | 7170 | 102 | 32.88 | 5 | 47 |
اعجاز احمد | ![]() |
250 | 6564 | 139* | 32.33 | 10 | 37 |