خوش قسمتی بنگلہ دیش کے ساتھ

عالمی کپ میں افغانستان کے خلاف جیت کر اپنی مہم کا آغاز کرنے والے بنگلہ دیش کو ایک بہت ہی قیمتی پوائنٹ مل گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ایسا مقابلہ، جس میں اس کے جیتنے کے امکانات شاید 10 فیصد بھی نہ ہوں، بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے پوائنٹ کے حصول کا سبب بن گیا۔آسٹریلیا کے شہر برسبین کے ساحل سے جمعے کی صبح مارسیا نامی طوفان ٹکرایا جس کے بعد ہونے والی بارش نے مقابلے کے امکانات ختم کردیے۔

بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ پوائنٹ کے حصول پر کافی خوش نظر آئے کیونکہ اب ان کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر انگلستان کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے ، جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ابتدائی دونوں مقابلے بری طرح ہار چکا ہے لیکن بنگلہ دیش کا اگلا مقابلہ سری لنکا سے ہے جو 26 فروری کو ملبورن میں کھیلا جائے گا اور فی الحال مشرفی کی نظریں اسی میچ پر ہیں۔ "ہمیں اپنے دو مقابلے جیتنا ہوں گے، لیکن ہماری نظریں اس وقت اگلے میچ پر ہیں۔"
اب بنگلہ دیش گروپ 'اے' میں تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، اورآئندہ مقابلوں میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف فتح اس کے امکانات کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا 28 فروری کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ سے اہم میچ کھیلے گا۔