[ریکارڈز] پاکستان کو عالمی کپ تاریخ کی بدترین شکست

عالمی کپ کے آغاز سے پہلے ہی ویسٹ انڈیز کو کمزور ترین حریف تصور کیا جا رہا تھا اور آئرلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست نے اس تبصرے پر مہر بھی ثبت کی۔ لیکن جب "ناقابل یقین" ٹیموں کا ٹکراؤ ہوا تو ویسٹ انڈیز پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط، توانا اور تگڑا ثابت ہوا جس نےپاکستان کو 150 رنز کے بہت بڑے فرق سے شکست دے کر آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے داغ کوبڑی حد تک دھو دیا، اور ہاں پاکستان کو بھی کافی دھویا کہ جس نے عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی بدترین شکست کھائی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے مقابلے کےدوران ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی اور ابتدائی دھچکوں سے سنبھلنے کے بعد دنیش رامدین اور لینڈل سیمنز کی نصف سنچریوں اور آخر میں آندرے رسل کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت 310 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا۔
جواب میں پاکستان صرف 1 رن پر اپنی 4 وکٹوں سے محروم ہوگیا، جس میں ناصر جمشید، یونس خان اور حارث سہیل کا صفر پر آؤٹ ہونا بھی شامل تھا جبکہ چوتھے کھلاڑی احمد شہزاد نے واحد رن بنایا۔ پاکستان کے لیے اس دھچکے سے سنبھلنا ناممکن تھا اور 25 رنز کے مجموعے پر کپتان مصباح الحق کی وکٹ گرجانے کےبعد تو صرف یہ طے ہونا باقی تھا کہ شکست کتنے بڑے مارجن سے ہوگی۔ عمر اکمل اور صہیب مقصود نے 80 رنز جوڑے اور دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ لیکن ٹیم 39 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں ویسٹ انڈیز کی 150 رنز سے جیت نہ صرف پاکستان کے خلاف اس کی سب سے بڑی فتح شمار ہوئی بلکہ عالمی کپ میں پاکستان کی بدترین شکست بھی بنی۔ پاکستان نے عالمی کپ کی 40 سالہ تاریخ میں کبھی اتنی بری طرح مات نہیں کھائی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو سب سے بری شکست 2003ء کےعالمی کپ میں انگلستان کے ہاتھوں ہوئی جب کیپ ٹاؤن میں ہونے والے مقابلے میں انگلستان نے پاکستان کو 112 رنز سے ہرایا تھا۔
ذیل میں عالمی کپ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے پاکستان کی بدترین شکستوں کے اعدادوشمار پیش ہیں، جب ٹیم زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے، تو تھوڑی ہمیں بھی کرنے دیں 🙂
عالمی کپ کی تاریخ میں پاکستان کی بدترین شکستیں
شکست کا مارجن | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|
![]() |
150 رنز | ![]() |
کرائسٹ چرچ | 21 فروری 2015ء |
![]() |
112 رنز | ![]() |
کیپ ٹاؤن | 22 فروری 2003ء |
![]() |
110 رنز | ![]() |
پالی کیلے | 8 مارچ 2011ء |
![]() |
82 رنز | ![]() |
جوہانسبرگ | 11 فروری 2003ء |
![]() |
76 رنز | ![]() |
ایڈیلیڈ | 15 فروری 2015ء |
![]() |
73 رنز | ![]() |
لیڈز | 7 جون 1975ء |