[ریکارڈز] عالمی کپ میں ہٹ وکٹ ہونے والے بلے باز

کرکٹ میں عام طور پر بلے بازوں کو بولڈ، کیچ، ایل بی ڈبلیو، اسٹمپڈ اور رن آؤٹ ہوتے تو دیکھا جاتا ہے لیکن ہٹ وکٹ اور دیگر طریقوں سے بہت کم بلے باز آؤٹ ہوتے ہیں۔ عالمی کپ 2015ء میں متحدہ عرب امارات اور زمبابوے کے مقابلے کے دوران ایک بلے باز ہٹ وکٹ ہوا۔

286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جب زمبابوے 22 اوورز میں 112 رنز تک پہنچ چکا تھا تو اسے اننگز کو استحکام دینے کی ضرورت تھی لیکن متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر کی ایک گیند کھیلتے ہوئے زمبابوے کے اہم بلے باز ریگس چکابوا اتنا پیچھے چلے گئے کہ ان کا ایک پیر وکٹوں سے جا لگا۔ 35 رنز کی اننگز اپنے اختتام کو پہنچی اور زمبابوے کو مزید مشکلات سے دوچار کرگئی۔ بعد ازاں شاں ولیمز اور کریگ اروائن نے انہیں بچایا اور زمبابوے مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
چکابوا کا یہ ہٹ وکٹ عالمی کپ کی تاریخ میں آٹھواں موقع ہے کہ جب کوئی کھلاڑی اس انوکھے انداز سے آؤٹ ہوا ہو۔ پہلی بار 1975ء کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے روئے فریڈرکس آسٹریلیا کے خلاف ہٹ وکٹ ہوئے تھے، وہ بھی عالمی کپ کے فائنل میں۔ ڈینس للی کی گیند پر ہک کھیلتے ہوئے انہوں نے گیند کو تو چھکے کے لیے روانہ کردیا لیکن توازن برقرار نہ رکھ سکے اور وکٹوں میں جا گھسے۔ اس وقت اسکور بورڈ پر صرف 12 رنز موجود تھے۔ بعد ازاں کپتان کلائیو لائیڈ کی یادگار سنچری نے ویسٹ انڈیز کو مقابلہ جتواتے ہوئے پہلا عالمی چیمپئن بھی بنایا لیکن روئے فریڈرکس کا ہٹ وکٹ آج بھی پہلے عالمی کپ کی نمایاں جھلکیوں میں سےایک ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چکابوا سے قبل عالمی کپ میں ہٹ وکٹ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی کا تعلق بھی زمبابوے سے تھا۔ ووسی سبانڈا 2007ء کے عالمی کپ میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں ہٹ وکٹ ہوئے تھے۔
ہم ذیل میں عالمی کپ میں اب تک ہٹ وکٹ ہونے والے تمام کھلاڑیوں کی فہرست پیش کررہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:
عالمی کپ کی تاریخ میں ہٹ وکٹ ہونے والے بلے باز
بلے باز | ملک | رنز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
روئے فریڈرکس | ![]() |
7 | ![]() |
لارڈز | 21 جون 1975ء |
فرینکلن ڈینس | ![]() |
21 | ![]() |
مانچسٹر | 13 جون 1979ء |
مورس اوڈمبے | ![]() |
6 | ![]() |
پونے | 29 فروری 1996ء |
گیری کرسٹن | ![]() |
3 | ![]() |
کراچی | 11 مارچ 1996ء |
جو ہیرس | ![]() |
9 | ![]() |
پارل | 19 فروری 2003ء |
مورس اوڈمبے | ![]() |
0 | ![]() |
کمبرلی | 4 مارچ 2003ء |
ووسی سبانڈا | ![]() |
67 | ![]() |
کنگسٹن | 15 مارچ 2007ء |
ریگس چکابوا | ![]() |
35 | ![]() |
نیلسن | 19 فروری 2015ء |