زمبابوے اپنی پہلی کامیابی کے لیے پرجوش

عالمی کپ کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو پریشان کرنے والا زمبابوے اب پرجوش ہے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف جیت رقم کرنے کے لیے پوری طاقت لگا دے گا۔ متحدہ عرب امارات 1996ء کے بعد پہلی بار کسی عالمی کپ میں ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا لیکن زمبابوے اسے کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا کیونکہ یہ اسے بھاری بھی پڑ سکتی ہے۔

زمبابوے نے اپنے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی تھی لیکن انجامِ کار اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ زمبابوے کی میدان میں اترنے والی ٹیم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ۔ ٹیم نے مضبوط جنوبی افریقہ کو 83 رنز پر چار آؤٹ کر کے مشکلات کا شکار کیا تھا اور جواب میں 277 کا اسکور بھی بنایا تھا، جس میں ڈیل اسٹین جیسے گیندباز کو 9 اوورز میں لگائے گئے 64 رنز بھی شامل تھے۔ اگرچہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر اور ژاں-پال دومنی کی دھواں دار بلے بازی کی وجہ سے زمبابوے کے باؤلرز مشکل میں نظر آئے تھے لیکن متحدہ عرب امارات کے خلاف ان سے زمبابوے کو بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
کپتان ایلٹن چگُمبورا کا کہنا ہے کہ "ہماری حالیہ ٹیم کافی متوازن ہے اور بلے بازی اور گیندبازی میں تبدیلی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔"
زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ابھی تک کوئی ایک روزہ میچ نہیں کھیلا گیا، لیکن پچھلے سال مارچ میں ان کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی ضرور کھیلا گیا تھا، جس میں زمبابوے 5 وکٹوں سے فتح یاب ہوا تھا۔
زمبابوے کے گیندباز ایلٹن چگمبورا ایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے سے صرف 3 وکٹوں کے فاصلے پر ہیں اور اسی مقابلے میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔