ڈیوین براوو نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

تنخواہوں کے معاملے پر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر بورڈ کے ساتھ مڈ بھیڑ کرنے اور غیر ملکی دورے کو درمیان میں ختم کرنے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیوین براوو نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیاہے لیکن وہ اب بھی محدود طرز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

'ویسٹ انڈیز نے اس تنازع کے بعد براوو کو قیادت سے ہٹا دیا تھا اور دورۂ جنوبی افریقہ اور عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ دستے کی کپتانی نوجوان باؤلر جیسن ہولڈر کو سونپی تھی۔
جاری کردہ تازہ بیان میں ڈیوین براوو نے کہا ہے کہ یہ ویسٹ انڈیز کرکٹ اور اس سے منسلک افراد کے لیے "مشکل وقت ہے، اور وہ اس مرحلے پر ویسٹ انڈیز کے لیے مزید خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔ "آج میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔ اس فیصلے سے بورڈ کو پہلے ہی آگاہ کر چکا ہوں۔" انہوں نے مختصر طرز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی خواہش بھی ظاہر کی۔
31 سالہ براوو نے کل 40 مقابلے کھیلے، جن میں 2200 رنز بنانے کے علاوہ 86 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ براوو نے آخری ٹیسٹ چار سال قبل دورۂ سری لنکا میں کھیلا تھا اور اس کے بعد سے اب تک انہیں کسی ٹیسٹ میں موقع نہیں ملا۔