بھارت عالمی کپ میں ناکام ہوگا، وارنر نے الفاظ کی جنگ چھیڑ دی

آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز اپنے اختتام کو پہنچیی اور دو "جنگوں" کا درمیانی وقفہ یعنی امن کا دور شروع ہوگیا ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو کسی پل چین نہیں آتا، وہ اس "زمانۂ امن" کو بھی الفاظ کی جنگ سے گرمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ عالمی کپ 2015ء کے آغاز سے ایک ماہ قبل آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپنر ڈیوڈ وارنر کہتے ہیں کہ بھارت عالمی اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام ہوجائے گا۔

حالیہ ٹیسٹ سیریز میں رنز کے انبار لگ جانے کے باوجود وارنر سمجھتے ہیں کہ عالمی کپ میں وکٹیں مختلف ہوں گی اور ان میں تیز باؤلرز کو مزید رفتار اور اچھال ملے گا، جو ان کے خیال میں آسٹریلیا کو فائدہ پہنچائے گا۔
ڈیوڈ وارنر کہتے ہیں کہ "برصغیر کی تمام ٹیمیں آسٹریلیا میں باؤنسی وکٹوں پر جدوجہد کرتی دکھائی دیں گی، کیونکہ وہاں کنڈیشنز بلے بازی اور اسپن باؤلنگ کے لیے سازگار ہوتی ہیں اور ان مقابلوں میں بہت رنز بنتے ہیں لیکن آسٹریلیا میں انہیں ایسا کچھ نہیں ملے گا۔ اس لیے میرے خیال میں پچوں کا اچھال کلیدی کردار ادا کرے گا اور یہی چیز برصغیر کی ٹیموں کے خلاف جائے گی۔"
23 سال بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا عالمی کپ اگلے مہینے 14 فروری کو شروع ہوگا۔ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا پہلے ہی دن روایتی حریف انگلستان کے خلاف کھیلے گا جبکہ عالمی نمبر دو بھارت اگلے روز روایتی حریف پاکستان سے ٹکرائے گا۔
اپنا پہلا عالمی کپ کھیلنے والے وارنر کے خیال میں 29 مارچ کوفائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ یا انگلستان سے ہوگا۔ ویسے انگلستان کے حوالے سے اتنی خوش فہمی کا سبب نہیں بتایا وارنر نے 🙂