محمد حفیظ باؤلنگ ایکشن جانچ کے لیے بھارت روانہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے بھارت روانہ ہوگئے ہیں جہاں آئی سی سی باؤلنگ سینٹر میں ان کے ایکشن کی غیر رسمی جانچ کی جائے گی۔

دائیں ہاتھ سے آف اسپن گیند بازی کرنے والے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں گیند بازی سے روک دیا تھا۔البتہ قانون کی رو سے انہیں اپنے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنا کر ایک مرتبہ پھر گیندبازی کی اجازت حاصل کرنے کا موقع حاصل ہے۔ اس کا فائدہ اٹھانے سے قبل محمد حفیظ چنئی میں آئی سی سی کے منظور شدہ مرکز میں ابتدائی جانچ کروائیں گے اور اس کے نتائج کی بنیاد پر آئی سی سی سے باضابطہ درخواست کی جائے گی کہ وہ ان کے نئے باؤلنگ ایکشن کی دوبارہ جانچ کرے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور خود محمد حفیظ کی خواہش ہوگی کہ عالمی کپ 2015ء سے قبل یہ تمام مراحل طے کرلیے جائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز اسپنر اور اس وقت بھی دنیا کے نمبر ایک گیندباز سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا جاچکا ہے اور سعید اجمل نے عالمی کرکٹ 2015ء میں بھی دستیابی سے معذرت کرلی ہے۔جس سے پاکستان کی تیاریوں کو سخت دھچکا پہنچا ہے۔
محمد حفیظ نے 153 ایک روزہ کرکٹ مقابلوں میں پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے 122 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ دنیا کے اہم ترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔