آسٹریلیا-بھارت ٹیسٹ سیریز کا نیا شیڈول جاری

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 4 ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز 5 دن کی تاخیر سے شروع ہوگی، جس کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے ترمیم شدہ شیڈول جاری کردیا ہے۔

آسٹریلیا کے اوپنر فلپ ہیوز کی ناگہانی موت کی وجہ سے بارڈر-گاوسکر ٹرافی اب 4 دسمبر کے بجائے 9 دسمبر کو شروع ہوگی اور پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق پہلے ٹیسٹ کا آغاز 4 دسمبر سے برسبین میں ہونا تھا لیکن 3 دسمبر کو فلپ ہیوز کی آخری رسومات کی وجہ سے اب برسبین 17 دسمبر سے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔
روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ 26 دسمبر سے ملبورن میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری مقابلہ 6 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔ یوں آسٹریلیا اور بھارت کو 33 دن کے اندر 4 ٹیسٹ میچز کھیلنا پڑیں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلے اور دوسرے ٹیسٹ کے درمیان صرف تین اور دوسرے اور تیسرے مقابلے کے درمیان محض چار دن کا وقفہ ہے۔ البتہ سڈنی ٹیسٹ کو موخر کرکے کھلاڑیوں کو چھ دن آرام کا موقع دیا جائے گا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے آخری ٹیسٹ کو آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے لیے سب سے مشکل میچ سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اسی میدان پر 25 نومبر کو فلپ ہیوز باؤنسر لگنے سے زخمی ہوئے تھے اور دو روز بعد مقامی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ اس میچ میں ایسے کئی کھلاڑی کھیل رہے تھے جو اس وقت آسٹریلیا کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں اور بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔
بارڈر-گاوسکر ٹرافی 2014-15ء – ترمیم شدہ شیڈول
بتاریخ | بمقام | بوقت | ||||
---|---|---|---|---|---|---|
![]() |
بمقابلہ | ![]() |
پہلا ٹیسٹ | 9 تا 13 دسمبر 2014ء | ایڈیلیڈ | 5 بجے صبح |
![]() |
بمقابلہ | ![]() |
دوسرا ٹیسٹ | 17 تا 21 دسمبر 2014ء | برسبین | 5 بجے صبح |
![]() |
بمقابلہ | ![]() |
تیسرا ٹیسٹ | 26 تا 30 دسمبر 2014ء | ملبورن | ساڑھے 4 بجے صبح |
![]() |
بمقابلہ | ![]() |
چوتھا ٹیسٹ | 6 تا 10 جنوری 2015ء | سڈنی | ساڑھے 4 بجے صبح |