امپائروں کی گفتگو بھی براہ راست نشر کی جائے گی

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین آئندہ سیریز میں ایک تجربہ کیا جائے گا جس میں فیصلہ سازی کے لیے میدان میں موجود امپائروں اور ٹی وی امپائر کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی براہ راست نشر کی جائے گی۔

میدان میں موجود امپائر کسی بھی فیصلے کے سلسلے میں ٹیلی وژن ری پلے کی مدد، مشاورت یا کھلاڑیوں کی جانب سے نظرثانی (ریویو) کے استعمال پر تیسرے امپائر سے رابطہ کرتے ہیں، اس دوران ان کے درمیان جو گفتگو ہوتی ہو، وہ منظرعام پر نہیں آتی لیکن اب آئی سی سی نے آزمائشی طور پر اس کی اجازت دی ہے۔ آسٹریلیا کا نائن نیٹ ورک آسٹریلیا-جنوبی افریقہ سیریز میں اس پر تجربات کرے گا اور اگر یہ کوشش کامیاب ہوئی تو عالمی کپ 2015ء میں بھی اس کا استعمال کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے جنرل مینیجر برائے کرکٹ جیف ایلرڈائس نے اس فیصلے کا مقصد امپائرنگ کو ناظرین اور تماشائیوں کے لیے زیادہ قابل فہم بنانا ہے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی سیریز کا پہلا مرحلہ تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی صورت میں مکمل ہوچکا ہے اور اب 14 نومبر سے پرتھ سے ایک روزہ سلسلے کا آغاز ہوگا۔ پانچ مقابلوں کی یہ سیریز 23 نومبر تک جاری رہے گی اور دونوں ٹیموں کی عالمی کپ کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔