بیٹسمین کا چھکا کمنٹیٹر کی گاڑی پر جاگرا، دلچسپ وڈیو

نیوزی لینڈ کے مایہ ناز تبصرہ کار این اسمتھ کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک میچ کے دوران بلے باز کے شاندار چھکے پر گیند ان کی گاڑی پر جا لگی۔
جارجی پائی سپر اسمیش کے سلسلے میں اوٹاگو وولٹس اور ویلنگٹن کے درمیان ہملٹن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے دوران جارح مزاج بلے باز جیسی رائیڈر نے پانچویں اوور کی پہلی گیند پر لیوک فلیچر کو ایک شاندار چھکا رسید کیا۔ گیند کافی دیر فضا میں رہنے کے بعد میدان سے باہر پارکنگ ایریا میں عین اسی گاڑی پر جا لگی، جو کمنٹری بکس میں موجود این اسمتھ کرائے پر لائے تھے۔
زبردست شاٹ پر پہلے تو این اسمتھ بہت خوش ہوئے لیکن جب انہیں اندازہ ہوا کہ گیند انہی کی گاڑی کے بائیں دروازے کے اوپر "نشان" چھوڑ چکی ہے تو انہیں یقین نہیں آ رہا تھا۔ ساتھی کمنٹیٹر مارک رچرڈسن نے جب پوچھا کہ کیا گاڑی کی انشورنس تھی؟ تو اسمتھ نے بتایا کہ نہیں، یہ کرائے کی گاڑی ہے۔
جیسی رائیڈر نے 25 گیندوں پر 56 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل رہے۔ البتہ اوٹاگو کو میچ میں شکست کاسامنا کرنا پڑا۔
بہرحال، آپ بھی دلچسپ وڈیو دیکھیں اور لطف اٹھائیں: