دو عہدوں پر فائز افراد کو ایک تک محدود رکھنے کا فیصلہ، بورڈ میں نئی آسامیاں

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دو عہدوں پر فائز افراد کو ایک عہدے تک محدود کرنے کا فیصلہ قابل ستائش بھی ہے اور بورڈ میں نئی آسامیوں کا سبب بھی۔ آئندہ چند دنوں میں کم از کم تین سابق کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر بورڈ میں نوکریاں ملنے کا امکان ہے جو سب ماضی میں بھی بورڈ کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر معین خان اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور کے ہیڈ کوچ محمد اکرم دہرے عہدوں پر فائز ہیں۔ معین خان سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں جبکہ محمد اکرم اسی کمیٹی کے رکن ہیں۔ اب جبکہ ان دونوں کو ایک عہدے تک محدود کیا جائے گا تو اس کے بعد خالی نشستوں پر ایک مرتبہ پھر پرانے و شناسا چہرے بیٹھیں گے۔ جن میں سے ایک ظہیر عباس ہیں، جو حال ہی میں پاکستان کے بیٹنگ مشیر تھے، جب بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے گرانٹ فلاور کی تقرری ہوئی تو انہیں اس وقت کے چیئرمین نجم سیٹھی کا مشیر خاص بنایا گیا اور اب کسی نئے عہدے پر فائز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ متعدد عہدوں پر بورڈ سے فائز رہنے والے کرنل (ر) نوشاد علی بھی کسی عہدے پر فائز ہوں گے۔
ذرائع کہتے ہیں کہ ظہیر عباس ایک مرتبہ پھر مشیر خاص کا عہدہ سنبھالیں گے جبکہ کرنل (ر) نوشاد کے علاوہ وسیم باری ٹیم انتظامیہ کے رکن بنیں گے۔