[ریکارڈز] مصباح کا لگاتار 75 مقابلوں میں کپتانی کا سلسلہ تھم گیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تیسرے ایک روزہ کے ساتھ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا مسلسل 75 میں قیادت کرنے کا سلسلہ تھم گیا۔
ایک روزہ کرکٹ میں مسلسل سب سے زیادہ ایک روزہ مقابلوں میں قیادت کے فرائض انجام دینے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہنسی کرونیے کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 1994ء سے لے کر مارچ 2000ء تک مسلسل 130 مقابلوں میں پروٹیز کی کپتانی کی۔ کرونیے کے علاوہ دنیا کا کوئی کپتان مسلسل 100 یا اس سے زیادہ مقابلوں میں قیادت نہیں کر پایا۔
بھارت کے اظہر الدین نے لگاتار 98 مقابلوں میں قیادت کی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کے شان پولاک کو مسلسل 89، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو 85 اور زمبابوے کے ایلسٹر کیمبل کو متواتر 76 مقابلوں میں میں کپتانی ملی۔
پاکستان کے مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے دوسرے مقابلے میں جب کپتان کی حیثیت سے ٹاس کیا تو یہ ان کا مسلسل 75 واں مقابلہ تھا جب وہ قائد کی حیثیت سے میدان میں اترے۔ یہ سلسلہ مزید آگے بڑھتا اور جیسا کہ پاکستان عالمی کپ 2015ء کے لیے بھی قیادت مصباح کے سپرد کرچکا ہے لیکن سخت تنقید اور سیریز میں شکست کے بعد مصباح تیسرے ایک روزہ مقابلے سے دستبردار ہوگئے جہاں قیادت کے فرائض شاہد آفریدی انجام دے رہے ہیں۔ شاہد کو پاکستان نے حال ہی میں ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا ہے ۔
مصباح الحق نے مئی 2011ء میں دورۂ ویسٹ انڈیز سے اکتوبر 2014ء تک مسلسل ساڑھے تین سال تک تمام ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت سنبھالی، جس میں پاکستان کے میچز کی تعداد 75 بنتی ہے۔
مصباح سے قبل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ لگاتار ون ڈے میچز میں کپتانی کا اعزاز وقار یونس کے پاس تھا جنہوں نے اپریل 2001ء سے نومبر 2002ء کے دوران 47 ایک روزہ مقابلوں میں قیادت کی تھی۔ ان کے بعد سلیم ملک اور شاہد آفریدی نے مسلسل 33 مقابلوں میں کپتانی کی تھی۔
موجودہ کپتانوں میں سے اس فہرست میں بھارت کے مہندر سنگھ دھونی کا نام شامل ہے، جنہوں نے ستمبر 2007ء سے دسمبر 2009ء تک مسلسل 69 مقابلوں میں بھارت کی قیادت کی۔
آپ لگاتار ایک روزہ مقابلوں میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے کپتانوں کی فہرست ذیل میں دیکھ سکتے ہیں:
کپتان | ملک | مقابلوں کی تعداد | از | تا |
---|---|---|---|---|
ہنسی کرونیے | ![]() |
130 | دسمبر 1994ء | مارچ 2000ء |
اظہر الدین | ![]() |
98 | دسمبر 1991ء | مئی 1996ء |
شان پولاک | ![]() |
89 | اپریل 2000ء | مارچ 2003ء |
مہیلا جے وردھنے | ![]() |
85 | مارچ 2006ء | فروری 2009ء |
ایلسٹر کیمبل | ![]() |
76 | اگست 1996ء | اکتوبر 1999ء |
مصباح الحق | ![]() |
75 | مئی 2011ء | اکتوبر 2014ء |
مہندر سنگھ دھونی | ![]() |
69 | ستمبر 2007ء | دسمبر 2009ء |
دلیپ مینڈس | ![]() |
60 | مارچ 1986ء | اکتوبر 1987ء |
اسٹیفن فلیمنگ | ![]() |
56 | مارچ 1999ء | فروری 2001ء |
ارجنا راناتنگا | ![]() |
55 | جنوری 1996ء | جنوری 1998ء |