شکست نے بنگلہ دیش کے کس بل نکال دیے، شکیب پر عائد پابندی وقت سے پہلے ختم

ایک سیریز میں شکست ہی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کس بل نکال دیے ہیں اور اس نے شکیب الحسن پر عائد پابندی کو تقریباً آدھا کردیا ہے، یعنی وہ اگلے ماہ کے وسط سے بنگلہ دیش کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔

شکیب الحسن کو نئے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوراسنگھا کے ساتھ بدتمیزی اور بھارت کے خلاف ایک روزہ مقابلے کے دوران ڈریسنگ روم سے نکل کر ایک تماشائی سے جھگڑا کرنے کے معاملات پر یہ پابندی لگائی گئی تھی۔ بورڈ نے اس حد تک سخت رویہ اپنایا کہ ان کے ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی اور یہ تک دھمکی دی کہ دوبارہ ایسی حرکت کی گئی تو تاحیات پابندی لگا دی جائے گی لیکن دورۂ ویسٹ انڈیز کے تینوں ایک روزہ مقابلوں میں بدترین شکست کے بعد ہی بورڈ نے ان پر عائد پابندی کو اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شکیب کے حالیہ رویے کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جبکہ چند ہفتے قبل انہیں شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور میں تربیت کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔
اب شکیب زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لیے تو دستیاب ہوں گے البتہ وہ جاری دورۂ ویسٹ انڈیز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے کیونکہ ان پر عائد پابندی 15 ستمبر کو ختم ہوگی جبکہ اس سیریز کا آخری ٹیسٹ ہی 13 ستمبر کو سینٹ لوشیا میں شروع ہوگا۔