آئی سی سی کا غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن، ایک اور باؤلر مشتبہ ایکشن کی زد میں

اسپن گیندبازوں کے باؤلنگ ایکشن کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب اس سلسلے میں تازہ اضافہ زمبابوے کے آف اسپنر پراسپر اُتسیا کا ہے۔

پراسپر کو زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے گئے تیسرے و آخری ون ڈے کے بعد معلوم ہوا کہ میچ آفیشلز نے ان کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا ہے اور اب انہیں آئندہ 21 روز کے اندر اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروانا ہوگی۔ البتہ اتسیا کو نتائج سامنے آنے تک کھیلنے اور باؤلنگ کروانے کی اجازت ہوگی۔
یہ اعتراض عین اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل اپنے باؤلنگ ایکشن پر اٹھنے والے اعتراض کے بعد جانچ کے لیے آسٹریلیا جا رہے ہیں۔ سعید اجمل کو پاک-لنکا حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دوران امپائروں اور میچ ریفری نے رپورٹ کیا تھا اور ان کی 30 سے 35 گیندوں کو مشکوک باؤلنگ ایکشن کا حامل قرار دیا تھا۔
گزشتہ ماہ آئی سی سی سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کے باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کرچکا ہے جن کی جانچ کے نتائج نے ثابت کیا کہ وہ قانون کے مطابق دی گئی اجازت سے بڑھ کر بازو میں خم دیتے ہیں۔