پاک-لنکا ایک روزہ سیریز، سری لنکا کے مضبوط دستے کا اعلان

ٹیسٹ مرحلے میں شاندار فتوحات کے بعد اب سری لنکا کی نظریں پاکستان کو ایک روزہ سیریز میں بھی شکست دینے پر مرکوز ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے اس نے اپنے دستے کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ جتنے بڑے پیمانے پر سری لنکا نے اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے لیے وہ کس قدر بے چین ہے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ مقابلوں میں عمدہ کارکردگی پر اوپل تھارنگا کو ایک روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ناقص فارم کی وجہ سے قومی ٹیم سے باہر کیے گئے دنیش چندیمال بھی چند عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد دستے کی زینت بن گئے ہیں۔ چندیمال کو جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز کے دوران خارج کرکے 'اے' ٹیم میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہوں نے دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری کے ذریعے اپنی فارم اور اعتماد بحال کیا اور اب ایک مرتبہ پھر ملک کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔ ان کے علاوہ آل راؤنڈر تھیسارا پیریرا، تیز باؤلر دھمیکا پرساد اور اسپنر سورج رندیو کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ دستے میں تلکارتنے دلشان، مہیلا جے وردھنے، کمار سنگاکارا، نووان کولاسیکرا اور لاستھ مالنگا جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں اور ان کی شمولیت سے صاف اندازہ ہو رہا ہے کہ پاکستان کے لیے ایک روزہ سیریز کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوگی۔
پاک-لنکا ایک روزہ سیریز کا پہلا مقابلہ 23 اگست کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا جبکہ تین مقابلوں کی سیریز 30 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
سری لنکا نے اپنی گزشتہ ایک روزہ سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی جہاں اسے تاریخ میں پہلی بار پروٹیز کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر شکست ہوئی البتہ اس سے قبل دورۂ انگلستان میں لنکا کے شیروں نے دو کے مقابلے میں تین فتوحات سے کامیابی ضرور حاصل کی تھی۔ اب پاکستان کے مقابلے میں ایک روزہ سیریز ان کی عالمی کپ 2015ء کی تیاریوں کے سلسلے کی اہم کڑی ہوگی اور 23 اگست سے آئندہ سال فروری تک جو بھی کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا اس کے عالمی کپ کھیلنے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔
اعلان کردہ دستہ:
اینجلو میتھیوز (کپتان)، آشان پریانجن، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پیریرا، دنیش چندیمال، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، سورج رندیو، سیکوگے پرسنا، کمار سنگاکارا، لاستھ مالنگا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔